احاطہ سیاست میں خواتین کا حجامہ کیمپ، خاتون ڈاکٹرس کی خدمات سے استفادہ

حجامہ کئی امراض کیلئے بیحد مفید ثابت
احاطہ سیاست میں خواتین کا حجامہ کیمپ، خاتون ڈاکٹرس کی خدمات سے استفادہ

حیدرآباد 24 نومبر (سیاست نیوز) حجامہ (کپینگ تھراپی) بہت سے امراض کے علاج کے لئے مفید ہے۔ بالخصوص زنانہ امراض گردن کا درد، کمر درد، موٹاپا، پی سی او ڈی ، جگر اور جلد کے امراض اور اعصابی درد کے لئے حجامہ کروانے سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد احسن فاروقی پروفیسر گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج نے یہاں ادارہ سیاست کے تحت منعقدہ حجامہ کیمپ کا محبوب حسین جگر ہال میں رسمی افتتاح کرتے ہوئے کیا اور کہاکہ حجامہ نبی کریم ﷺ کی سنت ہے اور 1400 سال سے جاری ہے۔ احادیث کی مختلف کتب میں اس سے متعلق 38 احادیث میں حوالے ملتے ہیں۔ حیدرآباد میں گزشتہ پانچ برسوں سے اس کے کیمپ رکھے جارہے ہیں اور سینکڑوں افراد اس سے فیض یاب ہورہے ہیں۔ نظامیہ طبی کالج میں پی جی اسکالرس اس پر ریسرچ بھی کررہے ہیں۔ ڈاکٹر سید غوث الدین سابق مشیر یونانی حکومت آندھراپردیش نے اس موقع پر کہاکہ حجامہ کا ہر ماہ ایک کیمپ منعقد کرنے کا پروگرام بنایا جارہا ہے۔ ادارہ سیاست کے تحت آئندہ مرد حضرات کے لئے علیحدہ حجامہ کیمپ رکھا جائے گا۔ اُنھوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ طب نبوی ﷺ کے ذریعہ کئی کہنہ امراض کا علاج کرتے ہوئے شفایاب کیا گیا ہے۔ یونانی اطباء طب نبوی ﷺ کے فروغ کے لئے بھی سرگرم ہوں۔ انھوں نے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی سرپرستی اور شخصی دلچسپی کے حوالہ سے کہاکہ ادارہ سیاست صحت عامہ کے لئے سرگرمی سے خدمات انجام دینے کا خواہاں ہے اور جناب ظہیرالدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ جن خاتون ڈاکٹرس نے اس حجامہ کیمپ میں حصہ لیتے ہوئے تشخیص کی ہے اُن میں ڈاکٹر یسری فاطمہ، ڈاکٹر کوثر فاطمہ، ڈاکٹر جویریہ عرشین، ڈاکٹر سعدیہ کوثر، ڈاکٹر جبین فاطمہ، ڈاکٹر ممتاز بیگم، ڈاکٹر شاہین بیگم، ڈاکٹر ثمینہ بیگم، ڈاکٹر سلمیٰ سلطانہ، ڈاکٹر شمیم تاج، ڈاکٹر روبینہ بیگم، ڈاکٹر گوہر سلطانہ، ڈاکٹر انیس فاطمہ اور ڈاکٹر حمیرہ صدف ہیں۔ خواتین کا حجامہ مکمل حجاب میں لیڈی ڈاکٹرس اور صرف خواتین کی ٹیم نے بہ حسن و خوبی انجام دیا۔ مسٹر ایم این بیگ نے رجسٹریشن کیا۔ محمد فہیم، خالد محی الدین اسد نے معاونت کی۔ آخر میں ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ نے ادارہ سیاست، ڈاکٹر سید غوث الدین پروگرام کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر احسن فاروقی اور تمام لیڈی ڈاکٹرس کا شکریہ ادا کیا۔