احاطہ سیاست میں آج مسلم تحفظات پر موضوعاتی مشاعرہ

شعراء کی آمد و کلام کی وصولی، حکومت اور عوام کو جھنجھوڑ، جناب عامر علی خان صدارت کریں گے
حیدرآباد۔28مئی (سیاست نیوز) موضوعاتی مشاعرہ بعنوان مسلم تحفظات احاطہ روزنامہ سیاست عابڈس روڈ میں 29 مئی اتوار کو 4 بجے شام آغاز ہوگا۔ ادارہء سیاست کی جانب سے منعقد شدنی اس موضوعاتی مشاعرے میں حصہ لینے والے شعراء اپنے سنجیدہ و مزاحیہ کلام پیش کریں گے۔  مشاعرے میں ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے شعراء اپنے کلام پیش کریں گے۔ کنوینر مشاعرہ جناب علی بن صالح لحمدی نے بتایا کہ کلام روانہ کرنے والے بیشتر شعراء نے اپنی شرکت کی توثیق کردی ہے۔ جناب عامر علی خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اس مشاعرے میں پڑھے جانے کیلئے موصول ہونے والے کلام میں بعض ایسے کلام شامل ہیں جو حکومت اور عوام کو جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہے۔ مسلم تحفظات کے سلسلہ میں ادبی تحریک کا آغاز در اصل شعور بیداری اور تحفظات کی تحریک میں شدت پیدا کرتے ہوئے حکومت کو متوجہ کرنا اور اپنے جائز مطالبات حسب وعدہ طلب کرنا ہے۔ جناب علی بن صالح لحمدی نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدے پر عدم عمل آوری سے پیدا شدہ صورتحال اور عوامی احساسات شعراء اپنی نظموں ‘ غزلوں‘ گیتوں اور قطعات کے ذریعہ پیش کریں گے۔ اس موضوعاتی مشاعرے میں داخلہ کی عام اجازت ہوگی۔