حیدرآباد ۔ 19؍ جنوری (سیاست نیوز) ریاستی قانون ساز اسمبلی کے احاطہ میں دستور ہند کے معمار بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب عمل میں لائی گئی ۔ ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن 20؍ جنوری کو شام 4 بجے بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دیں گے ۔ اسمبلی کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس مجسمہ کی نقاب کشائی تقریب میں ریاستی گورنر کے علاوہ ریاستی چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی‘ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر دامودر راج نرسمہا ‘ اسپیکر ریاستی قانون ساز اسمبلی مسٹر این منوہر ‘ صدرنشین ریاستی قانون ساز کونسل ڈاکٹر چکراپانی ‘ نائب صدرنشین ریاستی قانون ساز کونسل مسٹر این ودیاساگر راؤ ‘ ڈپٹی اسپیکر ریاستی قانون ساز اسمبلی مسٹر این چندرابابونائیڈو ‘ قائد اپوزیشن ریاستی قانون ساز کونسل مسٹر وائی راما کرشنوڈو گورنمنٹ چیف وہپ اسمبلی مسٹر جی وینکٹ رمنا ریڈی ‘ ریاستی قانون ساز اسمبلی و کونسل کے وہپس ریاستی وزراء ارکان اسمبلی و کونسل بھی شرکت کریں گے ۔ سکریٹری ریاستی قانون ساز اسمبلی مسٹر راجہ سدا رام نے تقریب نقاب کشائی کے سلسلہ میں کئے جانے والے انتظامات کا مسٹر ستیہ نارائینا ڈپٹی سکریٹری ریاستی قانون ساز اسمبلی کے ساتھ تفصیلی جائزہ لیا ۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے درج فہرست اقوام و قبائل طبقات سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی وغیرہ نے ریاستی اسمبلی کے احاطہ میں دستور ہند کے معمار بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب عمل میں لانے کیلئے اسپیکر ریاستی اسمبلی مسٹر این منوہر اور ریاستی چیف منسٹر و قائد ایوان مسٹر این کرن کمار ریڈی سے موثر نمائندگی کی تھی ۔ اور بالخصوص ڈپٹی اسپیکر اسمبلی مسٹر ایم بٹی وکرامارکہ نے اس مجسمہ کی تنصیب عمل میں لانے میں اپنی خصوصی توجہ دی تھی جس کی وجہ سے مجسمہ کی تنصیب یقینی ہوسکی ۔