اجیت دوول اور رائس کی دُو رخی اور علاقائی معاملات پر بات چیت

واشنگٹن۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) قومی سلامتی مشیر اجیت دوول نے آج اپنے امریکی ہم منصب سوسان رائس سے وائیٹ ہاؤز میں ملاقات کی جہاں دونوں عہدیداروں سے دو رُخی اور علاقائی موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیالل کیا۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک نے دہشت گردی سے نمٹنے باہمی تعاون کی ضرورت پر بھی نظرثانی کی۔ دوول اس وقت نیوکلیئر سکیورٹی اجلاس میں شرکت کے لئے امریکہ میں ہیں جس کی میزبانی 31 مارچ اور یکم اپریل کو امریکی صدر بارک اوباما کررہے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی جو ہندوستانی وفد کی قیادت کریں گے، توقع ہے کہ کل یہاں پہونچیں گے۔ یہ بھی سمجھا جارہا ہے کہ قومی سلامتی کے دونوں مشیروں نے اوباما اور مودی کی گزشتہ سال نیویارک میں ہوئی ملاقات اور کچھ اہم فیصلوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر نیویارک اور موسمی تغیر کے موضوع پر پیرس میں منعقدہ اجلاس میں اوباما اور مودی کی ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ علاوہ ازیں اجیت دوول اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے فوگی باٹم ہیڈکوارٹرس میں وزیر خارجہ جان کیری سے بھی ملاقات کریں گے۔