چیف منسٹر راجستھان کی شرکت سے معذرت، کے سی آر بارگاہ غریب نواز پر حاضر دیں گے
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے نے اجمیر میں حیدرآبادی رباط کی تقریب سنگ بنیاد میں شرکت سے معذرت کرلی ہے ۔ اجمیر سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزیر حکومت راجستھان کی نمائندگی کریں گے۔ وسندھرا راجے کے جواب کے بعد تلنگانہ حکومت نے سنگ بنیاد کیلئے 27 جون کی تاریخ مقرر کی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ایک ایکر اراضی پر تعمیر کی جانے والی رباط کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ اس پراجکٹ پر 5 کروڑ روپئے کے مصارف آئیں گے۔ حکومت نے 2 کروڑ 40 لاکھ روپئے ادا کرتے ہوئے اس اراضی کا رجسٹریشن اپنے نام پر حاصل کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود نے تقریب سنگ بنیاد اور خصوصی ٹرین کی روانگی کے پروگرام کو قطعیت دے دی ہے۔ ریاست کے 31 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 1600 اقلیتی قائدین کے ساتھ خصوصی ٹرین 24 جون کو اجمیر کیلئے روانہ ہوگی۔ یہ ٹرین 26 جون دوپہر 2 بجے اجمیر پہنچے گی ۔ اجمیر میں 1600 افراد کے قیام اور طعام کیلئے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کی ایک ٹیم پہلے ہی اجمیر پہنچ چکی ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، وزراء اور اہم قائدین کے ساتھ 27 جون کی صبح خصوصی طیارہ سے اجمیر پہنچیں گے ۔ آمد کے فوری بعد وہ بارگاہِ غریب نواز پر حاضری دیں گے اور منت کی تکمیل کریں گے ۔ وقف بورڈ کی جانب سے خصوصی چادر پیش کی جائے گی۔ درگاہ میں حاضری کے بعد چیف منسٹر رباط کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ حیدرآباد سے خصوصی ٹرین میں آنے والے افراد کے ساتھ لنچ کے بعد چیف منسٹر اجمیر سے واپس ہوجائیں گے جبکہ خصوصی ٹرین 27 جون کی شام اجمیر سے روانہ ہوگی اور 29 جون کو حیدرآباد پہنچے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے انتظامات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو مختلف ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم اجمیر میں انتظامات کے انچارج ہوں گے ۔ اجمیر میں چیف منسٹر کا قیام چار گھنٹوں کا رہے گا۔ اسی دوران اجمیر میں شدید گرمی کو دیکھتے ہوئے 1600 افراد کے لئے بہتر قیام کا انتظام کرنا حکومت کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں۔ راجستھان اور بالخصوص اجمیر میں موسم گرما عروج پر ہے اور طویل سفر کی مسافت طئے کرنے کے بعد ٹی آر ایس قائدین کا اجمیر میں قیام صبر آزما رہے گا۔ 1600 افراد کیلئے کسی بڑی عمارت کے حصول کی کوشش کی جارہی ہے ، توقع ہے کہ اندرون دو یوم قیام کے بارے میں جگہ کا تعین کردیا جائے گا ۔
انٹر (اوپن) اور ایس ایس سی (اوپن) داخلے
حیدرآباد 20 جون (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ اوپن اسکول ٹاس کے ذریعہ کیا جاسکتا ہے اور ایس ایس سی (اوپن) ہے۔ اردو میڈیم اور انگلش میڈیم میں داخلے کی معلومات اور رہنمائی کے لئے فون نمبر 040-24510012 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ مصروفیات کو جاری رکھتے ہوئے دسویں / بارہویں کے امتحانات لکھنے کی حکومت نے سہولت رکھی ہے۔