اجمیر میں رباط کے سنگ بنیاد کی تیاریاں

25 یا 26 جون کو چیف منسٹر کا دورہ، 1500 افراد پر مشتمل خصوصی ٹرین کا انتظام
حیدرآباد ۔ 18 ۔جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 25 یا 26 جون کو اجمیر شریف میں تلنگانہ زائرین کیلئے تعمیر کئے جانے والے رباط کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے ابتداء میں 22 تا 25 جون کے درمیان کسی دن اجمیر کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم نئی دہلی سے واپسی کے بعد انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ 25 یا 26 جنوری میں کسی ایک دن کا پروگرام طئے کریں۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کو 20 بوگیوں پر مشتمل خصوصی ٹرین کی درخواست دی گئی ہے۔ چیف منسٹر کی جانب سے تاریخ طئے کرنے کے بعد ریلوے حکام کو خصوصی ٹرین کی تاریخ سے واقف کرایا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ہر ضلع سے تعلق رکھنے والے اہم قائدین کو خصوصی ٹرین میں اجمیر لیجانا چاہتے ہیں۔ راجستھان حکومت نے درگاہ شریف سے 5 کیلو میٹر کی دوری پر ایک ایکر سے زائد اراضی مختص کی ہے۔ گزشتہ دنوں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے اجمیر پہنچ کر اراضی کا رجسٹریشن حاصل کیا تھا ۔ یہ اراضی ڈائرکٹر اقلیتی بہبود تلنگانہ کے نام پر الاٹ کی گئی ہے۔ حکومت 5 کروڑ روپئے کے مصارف سے رباط کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کو مجوزہ عمارت کے پلان پیش کئے گئے جسے جلد قطعیت دیدی جائے گی۔ رباط سے زائرین کی درگاہ شریف روانگی کیلئے مفت بس سرویس کا انتظام زیر غور ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ خصوصی ٹرین میں 1500 اہم شخصیتوں کو اجمیر لیجایا جائے گا۔ پارٹی کے اقلیتی قائدین خصوصی ٹرین میں شمولیت کیلئے اپنے نام درج کرا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کو یہ ذمہ داری دی گئی۔ تمام 31 اضلاع کے اہم قائدین کو خصوصی ٹرین میں شامل کیا جائے گا ۔ ابھی یہ طئے نہیں ہے کہ آیا چیف منسٹر کے سی آر خود بھی خصوصی ٹرین سے سفر کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر خصوصی طیارہ سے راست طور پر اجمیر پہنچ جائیں گے۔ اسی دوران انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروںکی ایک ٹیم کو اجمیر روانہ کردیا گیا ہے۔ وہ خصوصی ٹرین سے آنے والے افراد کی رہائش اور طعام کے انتظامات کریں گے۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم رباط کی تقریب سنگ بنیاد کے انتظامات کے نگرانکار ہیں۔ اجمیر روانگی کیلئے ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین میں زبردست جوش و خروش دیکھا جارہا ہے اور وہ اپنا نام شامل کرانے کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر سے رجوع ہورہے ہیں۔