اجمیر میں رباط کی تقریب سنگ بنیاد ،چیف منسٹر راجستھان مدعو

حیدرآباد ۔ 19 ۔ جون (سیاست نیوز) اجمیر میں حیدرآبادی رباط کی تعمیر کیلئے تقریب سنگ بنیاد میں چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے سندھیا کو مدعو کیا گیا ہے۔ وسندھرا راجے کی جانب سے وقت مقرر کئے جانے کے بعد تقریب سنگ بنیاد کی تاریخ طئے کی جائے گی ۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ سنگ بنیاد تقریب میں وسندھرا راجے کو مدعو کرتے ہوئے چیف منسٹر کی جانب سے مکتوب روانہ کیا گیا ہے جس کے جواب کا انتظار ہے۔ جس دن بھی چیف منسٹر راجستھان تاریخ کا تعین کریں گی اسی دن کے سی آر اجمیر پہنچ کر رباط کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ تقریب کے سلسلہ میں 25 ، 26 یا 27 جون کی تاریخوں کو امکانی تاریخ کے طور پر طئے کیا گیا ہے ، ان میں سے کسی ایک دن چیف منسٹر راجستھان سے خواہش کی گئی کہ وہ تقریب میں شرکت سے اتفاق کرے۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریب کی تاریخ طئے ہونے کے بعد خصوصی ٹرین کی روانگی کا وقت مقرر کیا جائے گا۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کو تین تاریخیں دی گئی ہیں جن میں سے کسی ایک دن خصوصی ٹرین نامپلی سے روانہ ہوگی۔ ٹرین سے روانہ ہونے والے 1500 قائدین کے نام تیار کئے جارہے ہیں۔ حکومت نے ایک ایکر اراضی کیلئے راجستھان حکومت کو تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ روپئے ادا کئے ہیں۔ اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کے نام پر اراضی کا رجسٹریشن کیا گیا۔