سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی راجستھان کے چیف اسپیشل سکریٹری سے بات چیت
حیدرآباد۔2 ۔ فروری (سیاست نیوز) اجمیر میں حیدرآبادی رباط کی تعمیر کیلئے تلنگانہ حکومت نے راجستھان حکومت سے اراضی الاٹ کرنے کی درخواست کا فیصلہ کیا ہے۔ بہت جلد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے چیف منسٹر راجستھان کے نام مکتوب روانہ کیا جائے گا جس میں ایک تا دو ایکر اراضی درگاہ شریف کے قرب و جوار میں الاٹ کرنے کی درخواست کی جائے گی تاکہ اس پر تلنگانہ کے زائرین کیلئے رباط تعمیر کی جاسکے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل نے چیف منسٹر کے مکتوب اور دیگر ضروری کارروائیوں کے سلسلہ میں تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد چیف منسٹر کے مکتوب کو قطعیت دی جسے چیف منسٹر کے دفتر روانہ کیا جائے گا۔ چندر شیکھر راو نے تلنگانہ ریاست کے قیام کی منت پوری ہونے کی مسرت میں 5 کروڑ روپئے کے صرفہ سے حیدرآبادی رباط کی تعمیر کا فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر کی جانب سے ایک قیمتی غلاف تیار کیا جارہا ہے جس کی مالیت تقریباً ڈھائی لاکھ ہوگی۔ اس غلاف کے علاوہ ڈھائی لاکھ روپئے درگاہ شریف کو بطور نذرانہ پیش کئے جائیں گے۔ جناب سید عمر جلیل نے اراضی کے الاٹمنٹ کے مسئلہ پر راجستھان کے اسپیشل چیف سکریٹری سے فون پر بات چیت کی اور تلنگانہ حکومت کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ اسپیشل چیف سکریٹری راجستھان نے چیف منسٹر کے نام مکتوب روانہ کرنے کی خواہش کی۔ جناب عمر جلیل نے اجمیر شریف کے دیوان سے بھی فون پر بات چیت کی۔ انہوں نے بتایا کہ درگاہ شریف کے قریبی علاقہ میں اراضی کے الاٹمنٹ کی درخواست کی جائے گی اور اراضی کے الاٹمنٹ کے بعد رباط کا ڈیزائین تیار کیا جائے گا اور تلنگانہ حکومت کے ماہرین کی ٹیم کی نگرانی میں تعمیری کام مکمل کیا جائے گا ۔ حکومت جلد از جلد رباط کی تعمیر مکمل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے زائرین کو اجمیر میں قیام کی سہولت حاصل ہو۔ رباط کو تمام بنیادی اور عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جناب عمر جلیل نے بتایا کہ غلاف کی تیاری کے سلسلہ میں ماہرین سے بات چیت کی گئی اور ڈھائی لاکھ روپئے مالیتی غلاف تیار ہوگا جس کی نگرانی وقف بورڈ کرے گا۔ حکومت کی جانب سے ڈھائی لاکھ روپئے بطور نذرانہ پیش کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ غلاف مبارک کی روانگی کے سلسلہ میں فیصلہ چیف منسٹر کریں گے۔ ہوسکتا ہے کہ خود چیف منسٹر اجمیر کا دورہ کریں یا پھر اپنے کسی نمائندہ کو روانہ کریں گے۔ راجستھان حکومت کی جانب سے اراضی کے جلد الاٹمنٹ کی صورت میں رباط کے تعمیری کام کا سنگ بنیاد بھی چیف منسٹر کے ہاتھوں رکھا جاسکتا ہے ۔ رباط میں تلنگانہ کے زائرین کو مفت قیام یا پھر معمولی فیس لینے کے بارے میں قطعی فیصلہ چیف منسٹر کریں گے۔ حکومت رباط میں عہدیداروں اور ملازمین کی تعیناتی کا بھی جائزہ لے رہی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمود علی نے بھی اجمیر شریف میں کئی بار چیف منسٹر اور اپنی جانب سے چادر گل اور غلاف پیش کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ جناب محمود علی اراضی کے الاٹمنٹ کے سلسلہ میں ضرورت پڑنے پر راجستھان کا دورہ کریں گے۔