اجمیر میں حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے عرس تقاریب کا آغاز

تلنگانہ حکومت کی غلاف مبارک کی روانگی پر خاموشی ، حکومت اور محکمہ اقلیتی بہبود بھی جواب سے قاصر
حیدرآباد ۔20 ۔ اپریل (سیاست نیوز) اجمیر میں حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے عرس تقاریب کا آغاز ہوگیا لیکن تلنگانہ حکومت کے عہدیدار ابھی تک یہ طئے نہیں کر پارہے ہیں کہ حکومت کی جانب سے تیار کردہ غلاف مبارک کب روانہ کیاجائے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر محکمہ اقلیتی بہبود نے ایک لاکھ 73 ہزار روپئے کے خرچ سے قیمتی غلاف تیار کیا اور یہ غلاف گزشتہ دو ماہ سے روانگی کا منتظر ہے۔ اب جبکہ عرس تقاریب کا آغاز ہوچکا ہے اور اختتام کیلئے صرف چار دن باقی ہیں، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ غلاف مبارک آخر کب روانہ کیا جائے گا ؟ حکومت اور محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیدار اس مسئلہ پر کچھ بھی کہنے سے قاصر ہیں کیونکہ اس کے لئے چیف منسٹر کی منظوری ضروری ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی جو سابق میں اجمیر میں حاضری دے چکے ہیں، وہ بھی اس بات سے لاعلم ہیں کہ غلاف مبارک کب روانہ کیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے ابھی تک غلاف کی روانگی کے بارے میں کوئی ہدایت نہیں دی جس کے باعث گزشتہ دو ماہ سے غلاف سکریٹریٹ میں محکمہ اقلیتی بہبود کی ایک الماری میں روانگی کا منتظر ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے غلاف کے معائنہ کیلئے ایک دن مقرر کیا تھا لیکن دیگر مصروفیات کے سبب وہ غلاف کا معائنہ نہیں کرسکے۔ اس سے قبل دو مرتبہ چیف منسٹر کو غلاف کی زیارت کرانے کی کوشش کی گئی لیکن چیف منسٹر کے دفتر سے وقت نہیں ملا۔ نئی ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر نے اجمیر کو ڈھائی لاکھ روپئے مالیتی غلاف اور نذرانہ کے طور پر ڈھائی لاکھ روپئے روانہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وقف بورڈ کے بجٹ سے غلاف تیار کیا گیا جس پر ایک لاکھ 73 ہزار کا خرچ آیا جبکہ دیوان اجمیر جناب زین العابدین کو ڈھائی لاکھ روپئے نذرانہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیدار بھی غلاف کی روانگی کے سلسلہ میں کوئی فیصلہ کرنے سے قاصر ہیں۔ انہیں چیف منسٹر کی منظوری اور ہدایت کا انتظار ہے۔ موجودہ صورتحال میں جاریہ سال عرس تقاریب کے موقع پر غلاف کی روانگی ممکن نظر نہیں آتی۔ عقیدت مندوں کا کہنا ہے کہ عرس کے موقع پر غلاف کی روانگی اہمیت کی حامل ہے۔ چیف منسٹر کو کسی عہدیدار یا ڈپٹی چیف منسٹر کے ذریعہ غلاف کی روانگی کا فیصلہ کرنا چاہئے ۔ ہر سال اجمیر کو صدر جمہوریہ ، وزیراعظم ، صدر کانگریس کے علاوہ حکومت پاکستان کی جانب سے غلاف پیش کیا جاتا ہے۔ جاریہ سال امریکی صدر براک اوباما نے بھی غلاف روانہ کیا۔ دنیا بھر سے غلاف روانہ کئے جارہے ہیں لیکن افسوس کہ تلنگانہ حکومت کا دو ماہ قبل تیار کردہ غلاف ابھی تک روانگی کا منتظر ہے۔