کے سی آر کا وسندھرا راجے کو مکتوب
حیدرآباد 3 فبروری (سیاست نیوز) درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ پر حاضری کے لئے تلنگانہ کے زائرین کو سہولت بہم پہنچانے حکومت نے رباط کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ اِس ضمن میں چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے راجستھان کی ہم منصب وسندھرا راجے کو مکتوب روانہ کیا۔ اُنھوں نے ایک تا دو ایکر سرکاری اراضی محکمہ اقلیتی بہبود ریاست تلنگانہ کے نام مختص کرنے کی خواہش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ اجمیر شریف آنے والے تلنگانہ زائرین کو قیام کی سہولت پہنچانے کے لئے حکومت گیسٹ ہاؤز تعمیر کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اِس مقصد کے لئے تلنگانہ کابینہ نے سال 2014-15 بجٹ میں 5 کروڑ روپئے کی رقم منظور کی ہے۔ چیف منسٹر نے وسندھرا راجے سے خواہش کی ہے کہ وہ اجمیر شریف میں درگاہ کے قریب سرکاری اراضی کی نشاندہی کریں تاکہ گیسٹ ہاؤز کے تعمیری کام کا جلد آغاز کیا جاسکے۔