اجمیر شریف میں تلنگانہ رباط کیلئے چیف منسٹر سے نمائندگی

صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سید اکبر حسین کی کے سی آر سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 29۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے صدرنشین سید اکبر حسین نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ملاقات کی اور انہیں اگادی کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے حالیہ دورہ اجمیر کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوںنے بتایا کہ درگاہ شریف کے قریب ایک عمارت موجود ہے جس میں 22 کمرے ہیں، اس عمارت کو حاصل کرتے ہ وئے تلنگانہ کے رباط میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر کو بتایا گیا کہ اس عمارت کیلئے 5 کر و ڑ روپئے کا مطلبہ کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے آئندہ ہفتہ ڈپٹی چیف منسٹر کی قیادت میں وفد کی روانگی کے موقع پر اس عمارت کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔وفد میں اکبر حسین بھی اجمیر شریف روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ اجمیر میں تلنگانہ کے زائرین کیلئے رباط کی تعمیر کے سلسلہ میں سید اکبر حسین نے مقامی حکومت کے عہدیداروں سے بات چیت اور مناسب اراضی الاٹ کرنے کی خواہش کی ۔ تلنگانہ حکومت نے راجستھان حکومت سے خواہش کی ہے کہ درگاہ شریف کے قریبی علاقہ میں رباط کی تعمیر کیلئے اراضی الاٹ کرے۔ حکومت کے تیقن کے باوجود آج تک اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ قریبی علاقہ میں اراضی دستیاب نہیں ہے جس کے باعث تقریباً 8 تا 10 کیلو میٹر کے فاصلہ پر راجستھان حکومت نے اراضی الاٹ کرنے کا تیقن دیا ہے۔ حکومت کی اجازت حاصل کرتے ہوئے اکبر حسین نے گزشتہ دنوں درگاہ اجمیر شریف پر حاضری دی اور رباط کیلئے مختلف مقامات پر اراضی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے قریبی علاقہ میں دستیاب اراضی کے سلسلہ میں چیف منسٹر کو تفصیلات سے آگاہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے بعد اس سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر کی قیادت میں وفد روانہ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔ یہ وفد چیف منسٹر راجستھان سے ملاقات کرتے ہوئے اراضی کے الاٹمنٹ کو قطعیت دے گا۔