اجمیر درگاہ میں پیش کئے جانے والے پھولوں کا کھاد بناکر استعمال

جئے پور ۔28 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان میں اجمیرشریف کی درگاہ میں روزانہ پیش کئے جانے والے پھول ضائع نہیں کئے جائیں گے ، انھیں ری سائیکل کیا جائے گا اور پلانٹس کیلئے کمپوسٹ ( کھاد) کے طورپر استعمال کیا جائیگا ۔ مائننگ کمپنی ، ہندوستان زنک کی جانب سے لگائے گئے دو ری سائیکلنگ مشینس ہر 100 کلوگرام پھولوں سے تقریباً 25 کلوگرام کمپوسٹ ( مخلوط شئے ) نکالیں گے ۔ اس کا افتتاح جمعرات کو ڈسٹرکٹ کلکٹر آرتی ڈوگرا نے کیا ۔ اس کمپوسٹ کو ریسٹ رومس کے قریب پودوں کیلئے استعمال کیا جائے گا ۔ اجمیر میں درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ پر بڑی تعداد میں پھول پیش کئے جاتے ہیں جہاں لاکھوں زائرین آتے ہیں۔ زائرین کے ہجوم کے دنوں میں ان مشینوں میں زیادہ کمپوسٹ نکالنے کی صلاحیت ہے ۔ مشینوں کو چلانے کا انتظام درگاہ کمیٹی کی جانب سے کیا جائیگا ۔ ہندوستان زنک کے ترجمان پون کوشک نے یہ بات بتائی ۔