اجرتوں کی چیک یا الیکٹرانک ادائیگی کیلئے پارلیمنٹ میں ترمیمی بل

حیدرآباد۔2 فبروری (پی ٹی آئی) مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے آج کہا کہ ان کی وزارت اجرت کی ادائیگی قانون میں ترمیمی بل منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کرے گی جس کے تحت تجارتی اور صنعتی اداروں کو اجازت دی جائے گی کہ وہ اپنے ورکرس کی تنخواہ چیک یا پھر الیکٹرانک ذرائع سے ادا کریں۔ حکومت نے گزشتہ سال ڈسمبر میں آرڈیننس جاری کیا جس کے تحت مرکزی اور ریاستی صنعتوں و تجارتی اداروں کو ہدایت دی گئی تھی کہ اپنے ورکرس کو تنخواہ چیک کے ذریعہ یا پھر راست بینک اکائونٹ میں جمع کرائیں۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ اجرت کی ادائیگی قانون میں ترمیمی بل پارلیمنٹ میں متعارف کیا جائے گا۔ اب تک ورکرس کو نقد یا اسی طریقہ سے تنخواہیں ادا کی جاتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعہ ورکرس کا استحصال ہورہا تھا لیکن کیش لیس طریقہ کار اپنانے سے یہ سلسلہ بند ہوگا اور شفافیت پیدا ہوگی۔ ٹریڈ یونینیں بھی استحصال کو روکنے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کررہی تھیں۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ میٹرنٹی فوائد ایکٹ اور ایمپلائز معاوضہ ایکٹ بھی توقع ہے کہ پارلیمنٹ کے جاریہ سیشن میں منظور کیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر فینانس ارون جیٹلی کے پیش کردہ بجٹ کو موافق غریب قرار دیا اور کہا کہ اس بجٹ میں فراہم کردہ گنجائش کے ذریعہ تلنگانہ کو کافی فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو زائد ٹیکس جمع ہونے کی بناء ہر ماہ ایک ہزار کروڑ روپئے زائد ملنے کی توقع ہے۔