اجتماعی عصمت ریزی مقدمہ کی تحقیقات نہیں کی گئی : وکیل

نئی دہلی ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) 16 ڈسمبر اجتماعی عصمت ریزی مقدمہ میں سزائے موت کا سامنا کررہے 4 کے منجملہ 2 مجرمین نے آج دہلی ہائیکورٹ کو بتایا کہ ان کے خلاف مقدمہ کی تحقیقات نہیں کی گئی بلکہ وزارت امورداخلہ اور سیاسی آقاؤں کی ایماء پر یہ مقدمہ تیار کیا گیا۔ جسٹس آر کھیتراپال اور جسٹس پرتیبھا رانی کے روبرو مجرم مکیش اور پون کے وکیل نے دعویٰ کیا کہ ان مجرموں کو بری طرح اذیت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارا مقدمہ فرضی اور اذیت کی بناء تیار کردہ ہے جس کا مقصد سیاسی آقاؤں کو خوش کرنا ہے۔ مجرمین کے وکیل نے آج اپنی بحث مکمل کرلی اور وہ 15 جنوری کو رپورٹ داخل کریں گے۔ خصوصی پبلک پراسیکیوٹر دیان کرشنن کل سے بحث شروع کریں گے۔

کانکنی، رقمی بازیابی پر شاہ کمیشن کا زور
نئی دہلی ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جسٹس ایم وی شاہ کمیشن نے آج اپنی رپورٹ میں یہ حیرت انگیز انکشاف کیا کہ اوڈیشہ میں 60 ہزار کروڑ روپئے کی غیرقانونی کانکنی ہوئی ہے اور انہوں نے ریاستی حکومت سے یہ رقم کانکنوں سے جلد از جلد بازیاب کرنے پر زور دیا۔ اعلیٰ اختیاری کمیشن کی یہ رپورٹ 5 جلدوں پر مشتمل ہے جسے آج مرکزی کابینہ میں پیش کیا گیا۔ کابینہ نے سکریٹریز کمیٹی کو کارروائی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرفینانس پی چدمبرم نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوںسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے رپورٹ کی تفصیلات بتانے سے انکار کیا اور کہا کہ ہمیں یہ رپورٹ اب موصول ہوئی ہے اور یہ کافی ضخیم ہے۔