اجتماعی عصمت ریزی سے 16 سالہ لڑکی فوت

بدایوں 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک نابالغ دلت لڑکی کی تین افراد نے اجتماعی عصمت ریزی کی جو سیول لائنس علاقہ سے پانی لانے گئی تھی۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ سنتوش کمار سنگھ نے بتایا کہ 16 سالہ متاثرہ لڑکی بارہویں جماعت کی طالبہ تھی جس کی اُس کے پڑوسی اور اُس کے دو دوستوں نے گزشتہ شب اجتماعی عصمت ریزی کی۔ لڑکی کو انتہائی تشویشناک حالت میں ایک خانگی ہاسپٹل لیجایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے شریک کرنے سے انکار کردیا۔ جس کے بعد لڑکی کو دوبارہ اس کے مکان لایا گیا جہاں اُس کی موت ہوگئی۔ مسٹر سنگھ نے مزید کہاکہ دریں اثناء کلیدی ملزم پرشانت اروڑہ اپنے مکان کو مقفل کرکے اپنے دونوں ساتھیوں کے ساتھ فرار ہوگیا۔ پولیس نے تینوں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔