حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( این ایس ایس) : ایل بی نگر کے ڈپٹی کمشنر پولیس وینکٹیشور راؤ نے کہا ہے کہ 31 دسمبر یکم جنوری کی درمیانی شب ایک بجے کے بعد حالت نشہ میں گھومنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آوٹر رنگ روڈ پر اتوار کی شب 11 بجے سے صبح 5 بجے تک گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی رہے گی ۔ ہر پولیس اسٹیشن کے حدود میں تین چیک پوسٹس ( تلاشی مرکز ) قائم کئے جائیں گے ۔ پولیس کی خفیہ ٹیمیں اتوار کی شب عادی مجرمین کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھیں گی ۔ وینکٹیشور راؤ نے کہا کہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا ۔ اتوار کو آدھی رات کے بعد کھلے رکھے جانے والے شراب خانوں ، شراب کی دوکانات اور پبس کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ایل بی نگر زون میں ڈی جے کو پولیس کی اجازت نہیں دی گئی ہے ۔۔