حیدرآباد ، 7 اگسٹ (سیاست نیوز) علم فلکیات سے دلچسپی رکھنے والوں کیلئے اتوار 10 اگسٹ کو شاذو نادر پیش آنے والا نادر فلکیاتی واقعہ تجسس کا باعث رہے گا، جب ’سوپر مون‘ واقع ہوگا۔ یہاں واقع بی ایم برلا سائنس سنٹر کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ’سوپر مون‘ کا مطلب ہے کہ یہ نہ صرف ’بدرِ کامل‘ ہے بلکہ چاند اپنے تغیراتی مراحل کے دوران سیارہ زمین سے اپنے قریب ترین فاصلے پر بھی رہے گا، اور اس منزل کو پیریجی (Perigee) کہتے ہیں۔ لہذا اُس روز چاند عام دنوں کے بدر کامل کے مقابل تقریباً 25% زیادہ روشن رہے گا۔ اس طرح یہ نہایت قابل دید نظارہ ہوگا۔ یہ ایسے وقت پیش آنے والا ہے جبکہ شہاب ثاقب کی سالانہ بارش بھی پیش آئے گی۔ اور موجودہ طور پر زمین دُم دار تاروں کے ملبے سے ابھر رہی ہے۔ جب یہ ملبہ زمین کی طرف تیزی سے بڑھتا ہے تو فضا میں بھسم ہوجاتا ہے۔ تاہم ’سوپر مون‘ کا وقوع شہاب ثاقب کی بارش کو کسی حد تک ماند کردے گا۔