اتوار کو ٹولی چوکی میں رشتوں کا دوبدو پروگرام

سیاست و ایم ڈی ایف کے انتظامات، جناب زاہد علی خان صدارت کرینگے
حیدرآباد ۔ 18 مارچ (دکن نیوز) ادارہ سیاست اور مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیراہتمام مسلم لڑکوں و لڑکیوں کی شادیوں کے سلسلہ میں مناسب اور موزوں رشتوں کے انتخاب کیلئے والدین و سرپرستوں کا 41 واں دوبدو ملاقات پروگرام اتوار 22 مارچ کو صبح 10 تا 4 بجے شام ایس اے ایمپریئل گارڈن (ٹولی چوکی مین روڈ) مقرر ہے۔ عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے بتایا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران ایم ڈی ایف کے ذریعہ تقریباً 1100 شادیاں انجام پا چکی ہے۔ دفتر ایم ڈی ایف احاطہ روزنامہ سیاست میں ہر روز شادیوں کیلئے مفت رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے۔ اس پروگرام میں میڈیسن، انجینئرنگ، ایم بی اے، ایم سی اے، بی ڈی ایس، فارمیسی، ایم بی بی ایس، گریجویٹس، انٹرمیڈیٹ، ایس ایس سی، حافظ عالم و فاضل کے علاوہ عقدثانی اور تاخیر سے ہونے والے شادیوں کے سینکڑوں پیامات ملاحظہ کیلئے رکھے جائیں گے۔ اس بار لڑکوں و لڑکیوں کے والدین کو باہمی مشاورت کی وسیع تر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ صدر ایم ڈی ایف نے بتایا کہ پروگرام کی صدارت جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سرپرست اعلیٰ ایم ڈی ایف کریں گے۔ جناب محمد معین الدین صدر فیڈریشن آف ٹولی چوکی کالونیز بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔ سیاست و ایم ڈی ایف کی جانب سے شیعہ برادری کے لئے علحدہ اور کریم نگر مستقر پر دوبدو ملاقات پروگرام رکھا گیا جس میں والدین و سرپرستوں کی بڑی تعداد نے رشتوں کا انتخاب کیا۔ جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عابد صدیقی اور جناب معین الدین نے ایس اے ایمپریئل گارڈن پہنچ کر دوبدو پروگرام کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ موسم گرما کے پیش نظر والدین و سرپرستوں کو پینے کے پانی اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ والدین و سرپرستوں سے خواہش کی گئی ہیکہ وہ اپنے لڑکوں و لڑکیوں کے دو عدد فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس اپنے ہمراہ لائیں۔ رجسٹریشن کا آغاز اتوار کو 10 بجے دن سے ہوگا۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 9394801526 پر ربط کریں۔