اتوار کو شہر کے تین مقامات پر میلاد بلڈ ڈونیشن کیمپس

فوکس اور تھیلسیمیا اینڈ اسکل سیل سوسائٹی کے عہدیداروں کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : فورم فار کلچرل اپ گریڈیشن اینڈ سوشیل سروسیس (FOCUSS) اور تنظیم ارشاد المسلمین کے تعاون و اشتراک سے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر 4 جنوری بمطابق 12 ربیع الاول اتوار کو صبح 7 تا شام 6 بجے پانچواں مرکزی ’ میلاد بلڈ ڈونیشن کیمپ ‘ کا حیدرآباد و سکندرآباد کے تین مقامات جن میں اسٹیٹ سنٹرل لائبریری افضل گنج ، عیدگاہ بالمرائی نزد پیراڈائز اور المدینہ جامع مسجد سرینواس کالونی محمود گوڑہ سکندرآباد شامل ہیں ۔ کیمپس منعقد کئے جائیں گے ۔ اس بات کا اعلان آج یہاں جنرل سکریٹری فوکس مولانا احسن بن محمد ، جناب مصطفی علی سروری اور جوائنٹ سکریٹری تھلسیمیا اینڈ اسکل سیل سوسائٹی مسٹر علیم بیگ منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے حضور ﷺ کو نہ صرف مسلمانوں بلکہ سارے عالم کے نبی بناکر دنیا میں مبعوث فرمایا تاکہ ساری دنیا میں رہنے اور بسنے والے بنی نوع انسانوں کو ہدایت کا راستہ دکھا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک امن اور سلامتی کا پیغام پہنچاتا ہے اور حضور ﷺ جو ایک محسن انسانیت ، جذبہ ایثار و قربانی ، انسانی ہمدردی کا ایک عملی نمونہ تھے اس لیے حضور ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے اور ان کے جذبہ ایثار کو عملی جامہ پہنانے کی غرض سے انسانوں کی جانیں بچانے کے لیے حضور ﷺ کی ولادت کے ضمن میں منائی جانے والی عید میلاد النبیؐ کے متبرک موقع پر میلاد بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کئے جارہے ہیں تاکہ عید میلاد النبیؐ کے دن کی مناسبت سے نبی کریم ﷺ کے پیغام رحمت کو سارے عالم کے لوگوں تک پہنچایا جائے اور اس ضمن میں مسلمانان حیدرآباد نے گذشتہ 4 سال قبل مفتی مولانامحمد قاسم صدیقی تسخیر کی زیر نگرانی میلاد بلڈ ڈونیشن کیمپ کا آغاز کیا گیا تھا ۔ میلاد النبیؐ کے موقع پر مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ میلاد بلڈ ڈونیشن کیمپس میں اپنے خون کا عطیہ دے کر ضرورت مند مریضوں کی جانوں کو بچانے کے علاوہ یہ ثابت کردیں کہ اسلام نہ صرف امن کا درس دیتا ہے بلکہ مسلمان دنیا میں قیام امن کے لیے ضرورت مند مریضوں کو اپنے خون کا عطیہ بھی دینے سے گریز نہیں کرتے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر منعقدہ کیمپس میں زائد از 2 ہزار یونٹ خون کے عطیہ کی حصولی کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر سکریٹری فیڈریشن آف مسلم میناریٹی ویلفیر اسوسی ایشن مسٹر شعیب محی الدین ، رکن فوکس مسٹر محمد افروز بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر میلاد بلڈ ڈونیشن کیمپ سے متعلق بروچرس کی اجرائی عمل میں آئی ۔۔