اتوار کو سیاست کا دوبدو پروگرام

لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کے لیے علحدہ کاونٹرس
ایم ڈی ایف کے مشاورتی اجلاس میں فیصلہ
حیدرآباد ۔ 17 ۔ فروری : ( دکن نیوز ) : مسلم لڑکوں و لڑکیوں کی شادیوں کے لیے معیاری اور من پسند رشتوں کے انتخاب کے سلسلہ میں ادارہ سیاست و مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم اور الفلاح سوشیو ایجوکیشنل سوسائٹی لالہ گوڑہ کے زیر اہتمام 28 واں دوبدو ملاقات پروگرام اتوار 23 فروری کو 10 بجے دن تا 4 بجے شام بھارت فنکشن ہال ایس بی کالونی فیس II مولا علی میں مقرر ہے ۔ اس سلسلہ میں آج ایک مشاورتی اجلاس دفتر ایم ڈی ایف احاطہ روزنامہ سیاست میں منعقد ہوا ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں طئے کیا گیا ہے کہ اس بار دوبدو ملاقات پروگرام کے موقع پر 2014 کے دوران کروائے گئے لڑکوں کے رجسٹریشن سے متعلق بائیو ڈاٹا اور فوٹوز تمام کونسلنگ رومس میں رکھے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ نئے رجسٹریشن کی تفصیلات بھی والدین و سرپرستوں کی سہولت کے لیے دستیاب رہیں گے ۔ اس بار بھی لڑکوں و لڑکیوں کے لیے دو علحدہ رجسٹریشن کاونٹرس ہوں گے ۔ والدین و سرپرستوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنے لڑکے و لڑکیوں کے دوعدد بائیو ڈاٹا و فوٹوز اپنے ساتھ لائیں ۔

دوبدو پروگرام کے لیے 30 والینٹرس اور 20 کونسلرس متعین کئے جارہے ہیں ۔ جو کونسلنگ کے ساتھ ساتھ رشتوں کے انتخاب اور باہمی مشاورت کے کام میں والدین و سرپرستوں کی رہنمائی کریں گے ۔ اجلاس میں طئے کیا گیا ہے کہ ایم ڈی ایف کی جانب سے رکنیت سازی مہم کو تیز تر کیا جائے تاکہ ایم ڈی ایف میں زیادہ سے زیادہ نوجوان اور خواتین کو شامل کیا جاسکے ۔ اجلاس میں مسلم بیواؤں ، خواتین ، مطلقہ خواتین کی باز آبادکاری کے لیے سرکاری اسکیمات کو روبہ عمل لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ جناب قادر علی خاں نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ قومیائے بنکوں کی جانب سے خود روزگار اسکیم کے تحت مسلمانوں کو قرضے منظور کرنے کے معاملے میں امتیاز برتا جارہا ہے ۔ اس سلسلہ میں ایم ڈی ایف بنکوں سے نمائندگی کرے گا ۔ اجلاس میں ڈاکٹر ایس اے مجید ، جناب اقبال احمد خاں ، ڈاکٹر محمد ایوب حیدری ، ایم اے قدیر نائب صدور ، میر انور الدین ، سید ناظم الدین ، نثار احمد بیگ ایڈوکیٹ ، احمد صدیقی مکیش ، محترمہ خدیجہ سلطانہ ، عرشیہ عامرہ ، ریحانہ نواز ، عابدہ بیگم ، محمد نصر اللہ خاں پبلسٹی سکریٹری ، ضیا الرشید و دیگر نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر محمد ایوب حیدری نے ارکان کا شکریہ ادا کیا ۔۔