ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی میں مقرر ، جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست صدارت کریں گے
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : والدین کو اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کی تلاش میں آسانیاں فراہم کرنے کے لیے سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے عرصہ دراز سے کوشش ثمر آور ثابت ہورہی ہے ۔ اب یہ دوبدو ملاقات پروگرام عوام کا پسندیدہ بن گیا ہے ۔ 3 فروری بروز اتوار ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی میں پروگرام منعقد ہوگا ۔ صدارت جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کریں گے ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب محمد معین الدین صدر فیڈریشن آف ٹولی چوکی کالونیز شرکت کریں گے ۔ جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈینٹر پروگرام نے بتایا کہ والدین کو چاہیئے کہ حسب سابق پروگرامس کی طرح اپنے ساتھ لڑکے اور لڑکی کے فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس کی کاپیز رکھیں ۔ رجسٹریشن کے علاوہ والدین سے گفت و شنید کرنے کے لیے بائیو ڈاٹا اور فوٹو اہمیت کے حامل ہوتے ہیں ۔ اس لیے اس کی زیادہ سے زیادہ کاپیز کا رکھنا بے حد ضروری ہے ۔ والدین کو زیادہ سے زیادہ سہولت پہنچانے کے لیے ایس ایس سی ، انٹر میڈیٹ ، بی ایس سی ، بی کام ، ایم ایس سی ، ایم کام ، ایم بی بی ایس ، فارمیسی ، گریجویٹس ، پوسٹ گریجویٹس اور عقد ثانی و تاخیر سے ہونے والے لڑکے اور لڑکیوں کی شادیوں کے انتخاب کے لیے کاونٹرس قائم کئے جارہے ہیں اور ساتھ ہی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت اور معذور لڑکوں و لڑکیوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کرنے کے لیے بھی کاونٹر کی سہولت رہے گی ۔ والدین کمپیوٹر سیکشن سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں جہاں کمپیوٹر آپریٹرس والدین کو من پسند رشتوں کا انتخاب کرنے میں سہولت مہیا کریں گے ۔ اس کے علاوہ ملت فنڈ کے دفتر احاطہ روزنامہ سیاست میں بھی روزانہ رشتوں کا انتخاب کی سہولت مہیا کی جارہی ہے اور وہاں بھی والدین کی بڑی تعداد اس سے استفادہ کررہی ہے ۔ اس لیے والدین 10 بجے دن تا 4 بجے شام اس سہولت سے استفادہ کریں ۔ دوبدو ملاقات پروگرام میں شہر کے علاوہ عالمی سطح تک اس پروگرام کو پہنچانے کے لیے راست ٹیلی کاسٹ کا نظم یوٹیوب ، فیس بک ، اور سیاست ٹی وی کے ذریعہ کیا جائے گا ۔ حسب سابق پروگرام کا راست ٹیلی کاسٹ بھی کیا گیا کئی ہزار ناظرین نے اس سے استفادہ کیا ۔ مزید تفصیلات جناب خالد محی الدین اسد فون 9391160364 سے حاصل کریں ۔۔