اتوار کو سیاست و ایم ڈی ایف رشتوں کا دو بہ دو پروگرام

رائیل ریجنسی گارڈن آصف نگر میں مقرر، فیصل بن علی مہمان خصوصی
حیدرآباد ۔ 26 نومبر (دکن نیوز) مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کے رشتوں کے طئے کرنے میں والدین و سرپرستوں کیلئے 52 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام اتوار 29 نومبر 10 بجے تا 4 بجے شام، بمقام رائیل ریجنسی گارڈنس آصف نگر، روبرو پٹرول پمپ مقرر ہے۔ ادارہ سیاست اور مائناریٹی ڈیولپمنٹ فورم حیدرآباد کے زیراہتمام ہونے والے اس پروگرام کی صدارت جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریں گے۔ جناب فیصل بن علی القیطی پروپرائٹر رائیل ریجنسی گارڈنس مہمان خصوصی ہوں گے۔ میڈیسن، انجینئرنگ، پوسٹ گریجویٹ، ایم بی اے، ایم سی اے، ایم اے، ایم ایس سی، ایم کام، بی ایس سی، بی کام، بی اے، انٹرمیڈیٹ، ووکیشنل، ایس ایس سی، عالم و حافظ، فاضل اور عقدثانی کیلئے لڑکوں اور لڑکیوں کے سینکڑوں رشتے اس پروگرام میں ملاحظہ کیلئے دستیاب رہیں گے۔ دو بہ دو ملاقات پروگرام کا آغاز رجسٹریشن سے ہوگا۔ 10 بجے صبح سے لڑکوں اور لڑکیوں کے علحدہ علحدہ کاونٹرس پر والدین و سرپرست نئے رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے بعد انہیں، رجسٹریشن کارڈ جاری کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ لڑکے کے سرپرستوں کو پیلے ربن اور لڑکیوں کے سرپرستوں و والدین کے لئے سبز ربن دیئے جائیں گے تاکہ ایک دوسرے کی پہچان اور باہمی مشاورت میں سہولت حاصل ہوسکے۔ والدین سے خواہش کی گئی ہیکہ وہ کم از کم تین بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز اپنے ہمراہ ضرور لائیں۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے بتایا کہ 52 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام میں جملہ 7 کاونٹرس بنائے گئے ہیں جن میں نمبر (1) کاونٹر انجینئرنگ، نمبر (2) میڈیسن، نمبر (3) پوسٹ گریجویٹ، نمبر (4) انٹرمیڈیٹ، ایس عالم و حافظ و فاضل، نمبر (5) عقدثانی اور نمبر (6) گریجویٹس کیلئے مختص کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ ایک علحدہ کمپیوٹر سیکشن قائم کیا گیا ہے جہاں سسٹم پر بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ آن لائن پیامات دیکھنے کیلئے سیاست میٹری کاؤنٹر بھی رکھا گیا ہے۔ انہیں بتایا کہ ہر کاؤنٹر پر والدین و سرپرستوں کی رہبری و رہنمائی اور پیامات کی نشاندہی کیلئے کونسلرس اور والینٹرس متعین رہیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ والدین اور سرپرستوں کو آپس میں تبادلہ خیال کرنے کیلئے راونڈ ٹیبل رکھے جارہے ہیں جہاں وہ اپنے بائیو ڈاٹاس کے ساتھ اپنے من پسند رشتوں کے انتخاب کے ذریعہ باہمی مشاورت کرسکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ فنکشن ہال میں مرد حضرات و خواتین کیلئے نمازگاہ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ گذشتہ 51 دو بہ دو پروگراموں میں 5000 سے زائد رشتے طئے کئے گئے اور یہ سلسلہ مزید جاری ہے۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع کریم نگر، ورنگل اور محبوب نگر میں بھی متعدد بار دو بہ دو ملاقات پروگرام منعقد کئے گئے۔ اس کے علاوہ شیعہ برادری کیلئے دو پروگرام منعقد ہوئے۔ ان پروگراموں کے نہایت بہتر اور ثمرآور نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ آئی آئی سی ڈی کے تعاون سے گونگے، بہرے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتے طئے کرنے کیلئے خصوصی دو بہ دو پروگرامس منعقد کئے گئے۔ اس اقدام کی کافی ستائش کی گئی اور مختلف گوشوں سے خواہش کی جارہی ہیکہ نابینا و معذور، گونگوں و بہروں کے لئے بھی اس نوعیت کا پروگرام رکھا جانا چاہئے۔ صدر ایم ڈی ایف نے کہا کہ دو بہ دو ملاقات پروگرام کے علاوہ احاطہ دفتر سیاست میں باقاعدہ طور پر پیامات کے رجسٹریشن اور بائیو ڈاٹاس و فوٹوز کے ملاحظہ کا نظم قائم ہے جہاں ہر روز 11 بجے دن تا 5 بجے شام والدین و سرپرستوں کو ان کے خواہش کے مطابق موزوں رشتوں کے انتخاب میں مدد کی جارہی ہے۔ اس کام کی اس قدر مقبولیت ہوگئی ہیکہ ہر روز کئی معززین اسٹاف کی کارکردگی اور حسن انتظام کا معائنہ کرنے کیلئے جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست، جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عامر علی خان نیوزایڈیٹر سیاست کے ہمراہ آتے ہیں جن کی حوصلہ افزائی سے ایم ڈی ایف کی سرگرمیوں میں زیادہ سرعت اور استحکام پیدا ہورہا ہے۔ ایم اے قدیر نائب صدر ایم ڈی ایف نے فون نمبر 9394801526 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔