حیدرآباد 7 مئی ( این ایس ایس ) کانگریس رکن اسمبلی سنگاریڈی ٹی جئے پرکاش ریڈی نے آج یہ واضح کیا کہ وہ تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر این اتم کمار ریڈی کے وفادار کی حیثیت سے کام کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے ان الزامات کی تردید کی کہ اتم کمار ریڈی نے حالیہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹس کی فراہمی کیلئے رقومات حاصل کی ہیں۔ میڈیا کے ساتھ غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی نے پارٹی کی کامیابی کیلئے سخت جدوجہد کی ہے اور پارٹی کی ریاستی قیادت میں اس وقت تک کوئی تبدیلی نہیں کی جائیگی جب تک خود اتم کمار ریڈی رضاکارانہ طور پر استعفی پیش نہیں کردیتے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں اے ریونت ریڈی ‘ ڈی سریدھر بابو اور کومٹ ریڈی برادران و پنالہ لکشمیا جیسے کئی قائدین ہیں جو پردیش کانگریس کی صدارت کی ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں۔ مجالس مقامی انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ ان کی پارٹی میدک میں 25 زیڈ پی ٹی سی نشستوں پر قبضہ کریگی ۔