اتم کمار کے خلاف وینکٹ ریڈی کی تنقید کی سخت مذمت
وزیر اعظم اور چیف منسٹرس کی کار کردگی مایوس کن، پی گووردھن ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد /5 مارچ (ریاست نیوز) کانگریس کے رکن راجیہ سبھا پی گووردھن ریڈی نے کانگریس رکن اسمبلی کے وینکٹ ریڈی کی جانب سے اتم کمار ریڈی کو صدر تلنگانہ پردیش کانگریس نامزد کرنے پر کانگریس ہائی کمان کو تنقید کا نشانہ بنانے کی سخت مذمت کی۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہائی کمان نے ملک کی پانچ ریاستوں کے صدور کا انتخاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کا صدر نامزد کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ کے کانگریس قائدین نے ہائی کمان کے فیصلہ کی تائید کی ہے، لہذا کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ہائی کمان کے فیصلہ کا احترام کریں یا پھر خاموشی اختیار کریں اور سستی شہرت کے حصول کے لئے اس طرح کی بیان بازی سے گریز کریں۔ انھوں نے کہا کہ اپنے شخصی ایجنڈا کو اہمیت دینے کے لئے وینکٹ ریڈی ہائی کمان کو نشانہ بنانے کی کوشش نہ کریں، جب کہ ہائی کمان تلنگانہ کانگریس کی سرگرمیوں سے بخوبی واقف ہے۔ انھوں نے کہا کہ قائدانہ صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قائدان کی خدمات سے ہائی کمان استفادہ کرتی ہے، جب کہ اتم کمار ریڈی کا شمار کانگریس کے ڈسپلن پسند، وفادار اور غیر متنازعہ شخصیتوں میں ہوتا ہے۔ وہ مسلسل چوتھی مرتبہ اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے ہیں اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس نامزد ہونے سے قبل ورکنگ پریسیڈنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ مسٹر پی گووردھن ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی، چیف منسٹر تلنگانہ اور چیف منسٹر آندھرا پردیش کی کار کردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ تینوں قائدین کا مختلف جماعتوں سے تعلق ہے، تاہم ان قائدین نے اقتدار کے حصول کے لئے عوام سے ڈھیر سارے وعدے کئے ہیں، مگر افسوس اس بات کا ہے کہ 9 ماہ گزرنے کے باوجود ان لوگوں نے وعدوں کی تکمیل کے لئے عملی اقدامات نہیں کئے۔