اتم کمار ریڈی کو صدر تلنگانہ پردیش کانگریس بنانے کی مخالفت

کانگریس ہائی کمان نے ایک اور غلطی کی ہے، کومٹ ریڈی کا بیان
حیدرآباد /3 مارچ (سیاست نیوز) نلگنڈہ کے کانگریس رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کیپٹن اتم کمار ریڈی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت سونپنے پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ کانگریس ہائی کمان نے ایک اور غلطی کی ہے۔ واضح رہے کہ وینکٹ ریڈی کا شمار تلنگانہ کے کٹر حامیوں میں ہوتا ہے، وہ تلنگانہ سے ناانصافی کے خلاف کرن کمار ریڈی کابینہ سے بطور احتجاج مستعفی ہو گئے تھے۔ انھوں نے پنالہ لکشمیا کے انتخاب پر بھی اعتراض کیا تھا اور اب اتم کمار ریڈی کو صدر بنانے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہائی کمان نے اس مرتبہ بھی صحیح فیصلہ نہیں کیا اور نہ ہی فیصلہ سے قبل تلنگانہ کانگریس قائدین و ارکان اسمبلی سے مشاورت کی گئی۔ اگر تجاویز کے حصول اور سروے کرواکر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس نامزد کیا جاتا تو بہتر تھا، انھیں شخصی طورپر ہائی کمان کے فیصلہ سے تکلیف ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میرے علاوہ کانگریس کے چند سینئر قائدین بھی اتم کمار ریڈی کے ساتھ تعاون کے لئے تیار نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ کانگریس میں برقرار رہتے ہوئے ڈپٹی فلور لیڈر کی حیثیت سے خدمت انجام دیں گے اور عوامی مسائل اسمبلی میں اُٹھانے میں پیش پیش رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست سونیا گاندھی نے تشکیل دی، تاہم تلنگانہ کانگریس قائدین ریاست میں پارٹی کو کامیاب بنانے میں ناکام ہو گئے۔ انھوں نے کہا کہ فی الوقت اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے کی ضرورت ہے، لیکن ایسے قائدین کو عہدے دیئے جا رہے ہیں، جن کا تلنگانہ تحریک سے کوئی تعلق نہیں ہے۔