کے سی آر کی طرح جھوٹ بولنے کی عادت نہیں : ستیہ نارائنا
حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : سابق مرکزی مملکتی وزیر سروے ستیہ نارائنا نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کو معصوم اور شریف قائد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کارگذار چیف منسٹر کے سی آر کی طرح انہیں جھوٹ بولنے اور دھوکہ دینے نہیں آتا آئندہ انتخابات میں کانگریس 101 اسمبلی حلقوں میں کامیاب ہوسکتی ہے ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سروے ستیہ نارائنا نے کہا کہ ریاست میں مخالف حکومت لہر چل رہی ہے ۔ اگر کانگریس تنہا مقابلہ بھی کرتی ہے تو اس کو 101 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ اتم کمار ریڈی معصوم اور شریف انسان ہے ۔ وہ کے سی آر کی طرح جھوٹ نہیں بولتے ۔ اس لیے آئندہ انتخابات میں کانگریس کو 70 تا 80 اسمبلی حلقوں میں کامیابی حاصل ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں ۔ جب کہ حقیقت یہ ہے کہ کانگریس 101 اسمبلی حلقوں پر کامیاب ہورہی ہے ۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ ملک کے عوام راہول گاندھی کی قیادت چاہتے ہیں ۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں عوام خوش نہیں ہیں ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر سونیا گاندھی کو دیوتا تسلیم کرنے کا وعدہ کرنے والے کے سی آر اقتدار کے نشے میں گھمنڈ و تکبر کا شکار ہو کر گاندھی خاندان کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ سروے ستیہ نارائنا نے کہا کہ سابق رکن اسمبلی اے راجندر دوبارہ کانگریس پارٹی میں آنا چاہتے تو ان کا پارٹی میں شاندار خیر مقدم کیا جائے گا ۔ کانگریس کی حکومت تشکیل پانے کے بعد اے راجندر کو ایم ایل سی بنانے کے لیے وہ اپنی طرف سے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ انہوں نے ان کے امیدوار این سریدھر ہونے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ ان کی کامیابی کو کوئی بھی طاقت روک نہیں سکتی ۔۔