اتم کمار اور ملو بٹی وکرامارک کے درمیان اختیارات پر تنازعہ

کانگریس ہائی کمان تک مسئلہ پہنچ گیا، پارٹی حلقوں میں تشویش کی لہر
حیدرآباد /23 اپریل (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک کے درمیان اختیارات کے استعمال کے مسئلہ پر تنازعہ کھڑا ہو گیا، جب کہ یہ مسئلہ ہائی کمان سے رجوع ہوچکا ہے۔ کانگریس ذرائع کے بموجب اتم کمار ریڈی، ملو بٹی وکرامارک کے اختیارات کو صرف کانگریس کی محاذی تنظیمیں یوتھ کانگریس، این ایس یو آئی، مہیلا کانگریس، اقلیت ڈپارٹمنٹ، ایس سی، ایس ٹی اور ڈاکٹر سیل وغیرہ تک محدود رکھنے کے حق میں ہیں اور انھوں نے اس کے لئے احکامات جاری کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا تھا، تاہم اطلاع ملتے ہی ملو بٹی وکرامارک چوکس ہو گئے اور انھوں نے فوراً دہلی پہنچ کر آل انڈیا کانگریس کے جنرل و انچارج تلنگانہ کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ سے ملاقات کی اور اتم کمار ریڈی کے خلاف شکایت کی۔ مسٹر وکرامارک نے بتایا کہ جب پنالہ لکشمیا صدر تلنگانہ کانگریس کے عہدہ پر فائز تھے تو اتم کمار ریڈی ورکنگ پریسیڈنٹ کی ذمہ داری نبھا رہے تھے، لیکن مسٹر لکشمیا نے ان کے اختیارات محدود کرنے کی کبھی کوشش نہیں کی۔ انھوں نے کہا کہ چوں کہ وہ ایس سی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں، اس لئے ان کے اختیارات کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ شکایت کی سماعت کے بعد ڈگ وجے سنگھ نے اتم کمار ریڈی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور وکرامارک کے اختیارات کو محدود کرنے کے احکامات جاری نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ تلنگانہ پردیش کانگریس کے دو اہم قائدین کے درمیان سرد جنگ شروع ہونے سے پارٹی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔