اتفاقی طور پر گولی چل جانے سے انسپکٹر زخمی

ذمہ دار ڈی ایس پی معطل ، اے پی بھون میں سنسنی خیز واقعہ
حیدرآباد ۔ یکم / اکٹوبر (سیاست نیوز) دہلی کے اے پی بھون میں آج ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی پستول سے اتفاقی طور پر گولی چل جانے سے سنٹرل کرائم اسٹیشن سے وابستہ انسپکٹر زخمی ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب کوسوو اور سوڈان میں اقوام متحدہ امن فوج میں شمولیت کیلئے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے بعض پولیس عہدیدار امتحانات میں شرکت کیلئے نئی دہلی پہونچے اور اے پی بھون میں ایک کمرہ نمبر 404 گوداوری بلاک حاصل کیا  ۔ اقوام متحدہ کے مشن کے تحت کل ڈرائیونگ اور شوٹنگ کا امتحان منعقد ہونے والا تھا جس کے سبب پولیس عہدیدار تیاری میں مصروف تھے ۔ آج صبح تلنگانہ اسپیشل پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر اے ایس سرینواس اپنی 9 ایم ایم سرویس پستول کی صفائی کررہے تھے ۔ دوران صفائی اتفاق سے گولی چل گئی جو انسپکٹر مسٹر روی کرن کے داہنے پیر میں جا لگی ۔ اس واقعہ کے بعد اے پی بھون میں سنسنی پھیل گئی اور دہلی کی تلک مارگ پولیس نے جائے حادثہ پر پہونچ کر بی ایس پی کی پستول ضبط کرلی ۔ اس فائرنگ میں انسپکٹر روی کرن شدید زخمی ہوگئے اور انہیں علاج کیلئے رام منوہر لوہیا ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زیرعلاج ہیں ۔ تلک مارگ پولیس نے فائرنگ کا واقعہ پیش آنے پر ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر سرینواس کا بیان قلمبند کیا اور ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو یہ پتہ لگا ہے کہ لاپرواہی برتنے کے سبب یہ واقعہ پیش آیا ۔ مسٹر روی کرن سابق میں انسپکٹر سائبر کرائم سی آئی ڈی ، ترملگری پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور موجودہ سنٹرل کرائم اسٹیشن کے سائبر کرائمس میں متعین ہیں ۔ ہندوستان کے دارالحکومت میں فائرنگ کے واقعہ کی سنجیدگی سے نوٹ لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس لا اینڈ آرڈر مسٹر سدیپ لکٹکیہ نے ڈی ایس پی مسٹر سرینواس کو معطل کردیا ۔ مسٹر لکٹکیہ نے بتایا اس واقعہ سے متعلق تمام تفصیلات حاصل کئے جارہے ہیں۔