اترکھنڈ کے پانچ پہاڑی اضلاع خشک سالی سے متاثر

دہرہ دون ، 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترکھنڈ کے 13 کے منجملہ پانچ اضلاع جو پہاڑیوں میں واقع ہیں، عنقریب خشک سالی سے متاثرہ قرار دیئے جائیں گے، ایک سینئر افسر نے آج یہ بات کہی۔ کوماؤں پٹی کا ضلع المورہ سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں 1,343 ہیکٹر آبپاشی والی اراضی اور 24,000 غیرآبپاشی والی اراضی بارش نہ ہونے سے بری طرح متاثر ہے۔ چیف سکریٹری اترکھنڈ شتروگھن سنہا نے کہا کہ اس صورتحال سے دوچار دیگر پہاڑی اضلاع پتھورہ گڑھ، نینی تال، ردراپور اور پاؤری ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اترکھنڈ کے پانچ پہاڑی اضلاع میں پھیلی ہوئی جملہ 74,000 ہیکٹر اراضی کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دیئے جانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس موسم ناکافی بارش اور آبپاشی کی ناقص سہولیات نے اترکھنڈ کی پہاڑیوں میں تشویشناک صورتحال پیدا کردی ہے۔