حکومت آندھرا پردیش کا اعلان ۔ مقامی حکام سے مسلسل ربط
حیدرآباد 26 جون ( پی ٹی آئی ) حکومت آندھرا پریش نے آج کہا کہ وہ ان یاتریوں کو واپس لانے اقدامات کریگی جو اترکھنڈ میں شدید بارش کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں۔ آندھرا پردیش کے وزیر اطلاعات پی رگھوناتھ ریڈی نے آج رات بتایا کہ جو یاتری اترکھنڈ میں پھنسے ہوئے ہیں ان تمام کو بحفاظت واپس لایا جائیگا ۔ اس سلسلہ میں آندھرا پردیش بھون دہلی کے عہدیداروں نے حکومت اتر کھنڈ کے ساتھ بات چیت کی ہے ۔ وہ ان اطلاعات پر رد عمل کا اظہار کر رہے تھے جن میں کہا گیا تھا کہ اننت پور ضلع سے تعلق رکھنے والے یاتری اترکھنڈ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اس دوران حکومت آندھرا پردیش کے ایک عہدیدار نے دہلی میں بتایا کہ انہوں نے اننت پور سے تعلق رکھنے والے 133 یاتریوں کے نمائندوں سے رابطہ کیا ہے ۔ یہ لوگ بدری ناتھ میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ ان کو واپس لانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اے پی بھون کے اڈیشنل ریسیڈنٹ کمشنر ارجا سریکانت نے کہا کہ اننت پور سے تعلق رکھنے والے تمام یاتری بدری ناتھ میں محفوظ ہیں اور انہیں غذا وغیرہ فراہم کی جا رہی ہے ۔ ریاست کے عہدیداروں نے وہاں حکام سے رابطہ کیا ہ وا ہے ۔ دہرہ دون سے ملنے والی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ کیدار وادی ‘ ہیم کنڈ صاحب اور بدری ناتھ علاقوں سے آج جملہ 900 افراد کو ہیلی کاپٹرس کی مدد سے تخلیہ کروایا گیا ہے ۔ یہاں مانسون کی ابتدائی بارش کے نتیجہ میں تقریبا چھ سڑکیں اور برجس تباہ ہوگئے ہیں اور یہاں آئے ہوئے یاتری مسلسل دوسرے دن بھی بارش میں پھنسے ہوئے ہیں۔