نئی دہلی، یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے اترپردیش کے چھ سابق وزراء اعلی کو دو ماہ کے اندر سرکاری بنگلے خالی کردینے کا آج حکم دیا ہے ۔ جسٹس انل آر دوے ، جسٹس ادے امیش للت اور جسٹس ایل ناگیشور راو کی بنچ نے غیر سرکاری تنظیم لوک پرہری کی عرضی کی سماعت کرتے ہوئے اترپردیش حکومت کے اس نوٹفیکیشن کو منسوخ کردیا جس میں سابق وزرائے اعلی کو تاحیات سرکاری بنگلہ دینے کا التزام تھا۔ عدالت نے کہا کہ سابق وزراء اعلی کو تاحیات ملے بنگلے خالی کرنے ہوں گے ۔
بنچ نے سابق وزراء اعلی کو بنگلہ خالی کرنے کے لئے دو ماہ کا وقت دیا ہے ۔ یہ بنگلے لکھنؤ میں ہیں۔
تاحیات بنگلہ حاصل کرنے والے سابق وزراء اعلی میں این ڈی تیوار، راج ناتھ سنگھ، ملائم سنگھ یادو، کلیان سنگھ ، رام نریش یادو اور مایاوتی شامل ہیں۔
لوک پرہری نے 2004 میں عدالت عظمی میں اس نوٹفیکفشن کو چیلنج کیا تھا ۔ عرضی میں کہا گیا تھا کہ یہ حکم منسوخ کیا جائے اور اگر اسے برقرار رکھا گیا تو دیگر ریاستوں پر بھی اس کا اثر پڑے گا ۔ عدالت نے سماعت کے بعد نومبر 2014میں فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔