اترپردیش کے ایک ٹاون میں کشیدگی نوجوان کے قتل پر دوسرے فرقہ کے مکانات اور دکانات پر حملہ

بلیا (اترپردیش ) ۔ 5 ۔ اگست : (سیاست ڈاٹ کام ) : بیلتھرا روڈ ٹاون میں ایک دلت نوجوانوں کو دوسرے فرقہ کے افراد نے چاقو گھونپ کر مار دیا جس پر مقامی لوگوں نے پرتشدد احتجاج کیا ۔ اور سنگباری میں 2 پولیس ملازمین زخمی ہوگئے ۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کے سی سنگھ نے بتایا کہ 20 سالہ نوجوان نیراج کا کل شب 3 موٹر سیکل سوار افراد نے اغواء کرلیا اور چاقو سے ضربات پہنچا کر جھاڑیوں میں پھینک دیا ۔ مہلوک کے والد کی شکایت پر پولیس نے 8 افراد کے خلاف کیس درج کرلیا گیا ۔ جس میں مقامی سماج وادی پارٹی لیڈر صدام ، شیخ اعجاز الدین اور کامران کو گرفتار کرلیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد مقامی لوگوں نے کل شب احتجاج کرتے ہوئے بیلتھرا روڈ آوٹ پوسٹ پر سنگباری کردی ۔ جہاں پر پولیس کے ساتھ ہلکا سا تصادم بھی ہوگیا ۔ پولیس نے بتایا کہ صورتحال آج اس وقت کشیدہ ہوگئی جب مقامی لوگوں نے ایک مذہبی مقام پر سنگباری کردی اور دوسرے فرقہ کے مکانات ، دکانات پر حملہ کردیا ۔ پرتشدد جھڑپوں میں ڈپٹی ایس پی رام یادو اور ایک پولیس ملازم زخمی ہوگئے ۔ جب کہ پولیس لاٹھی چارج میں 4 احتجاجی بھی زخمی ہوگئے ہیں ۔