لکھنو 18 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو نے قومی یوم جوان پر مہارت کو فروغ دینے کے مشن کے تحت 100 لڑکیوں کو سرکاری ملازمت دی ہے۔ اِس سلسلہ میں انھوں نے اِن لڑکیوں میں تقرر نامے تقسیم کئے۔ سرکاری ترجمان نے کہاکہ چیف منسٹر نوجوانوں کے لئے ایک لائف سیٹ نامی آن لائن کرئیر پلیٹ فارم بھی شروع کریں گے۔ جس میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ چیف منسٹر اکھلیش یادو نے اترپردیش میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو روزگار فراہم کرنے کے مقصد سے 7 بڑی صنعتوں کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کی ہے۔ یہ بڑی صنعتیں نوجوانوں کو تربیت دینے کے علاوہ اُنھیں روزگار فراہم کریں گی۔ یہ کمپنیاں 3 تا 5 سال کی مدت میں 50 ہزار درخواست گذاروں کو تربیت دیتے ہوئے ان میں سے 80 فیصد نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے گی۔ چیف منسٹر نے ’’مائی اسکول مائی وائس‘‘ پراجکٹ کے تحت 50 نوجوان لیڈروں کو منتخب کرکے انھیں 12 جنوری کو تہنیت پیش کریں گے۔ اِس دن سوامی ویویکانند کی یوم پیدائش بھی منائی جائے گی۔