اترپردیش میں ہندوؤں نے بھی روزہ رکھا مسلمانوں کے ساتھ جذبہ خیرسگالی کا اظہار

مہوبا 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) عالمی یوم یوگا پر جاری تنازعہ کے قطع نظر اترپردیش کے ضلع مہوبا میں ہندوؤں کے ایک گروپ نے اپنے پڑوسی مسلمانوں کے ساتھ روزہ رکھا ہے۔ تبدیلی سماج کے رابطہ کار تارا پتکر نے بتایا کہ طے شدہ پروگرام کے مطابق تقریباً 70 افراد بشمول 21 ہندوؤں نے کل رمضان کا پہلا روزہ رکھا اور اڈال چوک پر افطار کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ 50 مسلمان بشمول صدر تبدیلی سماج حاجی پیوش محمد نے دعوت افطار میں شرکت کی جس میں سیاستدانوں کو بھی مدعو کیا گیا۔ مسٹر پتکر نے کہاکہ یوگا پر جاریہ سیاسی تنازعہ کے قطع نظر ہم نے تمام جماعتوں کے سیاستدانوں کو مدعو کیا ہے تاکہ فرقہ وارانہ اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دیا جاسکے۔ علاوہ ازیں یہ اقدام مہوبا میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کے قیام کے مطالبہ کو تقویت پہنچائی جائے۔ اُنھوں نے پالیسی سازوں سے اپیل کی کہ علاقہ میں غریبوں کی صحت کو بہتر بنانے کے لئے توجہ دیں۔