انتخابات میں شکست کے بعد بی جے پی کو الٹا آسن کرنا پڑے گا، اکھلیش یادو کا ریمارک
لکھیم پور کھیری (اترپردیش) ۔ 25 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے ساتھ پہلی مرتبہ انتخابی مہم چلاتے ہوئے سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے آج بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور مجوزہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو مخالفت میں ووٹ ملنے پر الٹا آسن (یوگا کی مشق) کرنا پڑ ے گا ۔ اکھلیش نے کانگریس لیڈر پریم پرکاش اگروال کے ساتھ ایک ہی شہ نشین سے مخاطب کرتے ہوئے دونوں پارٹیوں کے درمیان مفاہمت کی مدافعت کی اور کہا کہ اب سیکل (ایس پی کا انتخابی نشان) ہاتھ (کانگریس کا انتخابی نشان) کے تعاون سے تیز رفتاری کے ساتھ چلائے جائے گی۔ واضح رہے کہ سماج وادی پارٹی اور کانگریس نے اسمبلی انتخابات کیلئے نشستوں پر مفاہمت کرنی ہے جس کے مطابق ایس پی 298 حلقوں اور کانگریس 105 حلقوں میں مقابلہ کریں گی۔ ایک انتخابی جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ یوگا میں ایک الٹا آسن بھی ہوتا ہے جس کی تشہیر بی جے پی کرتی ہے لیکن اب وہ دور بھی ختم ہوگیا اور عوام کی اکثریت خود ، بی جے پی کے خلاف ووٹ دے گی اور پارٹی کو الٹا آسن کرنے پر مجبور کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ دیکھ رہے ہے کہ بی جے پی نے کسی طرح عوام کو بے وقوف بنایا ہے جبکہ ہم ، نوٹ بندی کے بعد بدترین دور سے گزر رہے ہیں۔ آپ ہی بتائیں کہ اچھے دن کہاں گئے۔ سرجیکل حملوں پر بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرحد پر ہمارے کئی ایک جوان شہید ہوگئے لیکن سوال یہ ہے کہ ان کے لواحقین میں کیا امداد کی گئی ہے جبکہ سماج وادی پارٹی حکومت نے ہر ایک شہید کے خاندان کو 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیا فراہم کیا ہے ۔ انہوں نے یہ ادعا کیا کہ ہماری حکومت نے ہر ایک کیلئے کسی نہ کسی شکل میں امداد کی ہے ۔ لہذا مجوزہ اسمبلی انتخابات میں ہمیں ووٹ دیکر ملک کی سمت کا تعین کریں۔ اس موقع پر ایس پی کے نیشنل سکریٹری روی پرکاش ورما ، پارٹی کے ضلع صدر انوراگ پٹیل اور مقامی پار ٹی امیدوار یشپال چودھری کے علاوہ کانگریس قائدین موجود تھے ۔