دہلی ۔ گورکھ دھام ایکسپریس کی چھ بوگیاں ، مال گاڑی سے ٹکراگئیں
سنت کبیرنگر ۔ 26 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی سے روانہ ہوئی گورکھ دھام ایکسپریس آج اترپردیش میں چرائب ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹریوں سے اترکر وہاں ٹہری ہوئی ایک مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں اُس کے کم سے کم 14مسافر ہلاک اور دیگر 95 زخمی ہوگئے ۔ ضلع انتظامیہ اور ریلوے عہدیداروں نے کہا کہ دہلی سے گورکھ دھام جانیوالی اس ٹرین کی چھ بوگیوں کو آج 10 بجے دن پیش آئے حادثہ میں نقصان پہنچا ہے۔مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ کا اندیشہ ہے ۔
ریلوے بورڈ کے چیرمین ارونیندرا کمار نے کہاکہ ’’ہمیں موصولہ اطلاعات کے مطابق 14 اموات اور 95 زخمیوں کی توثیق ہوئی ہے ۔ تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے ۔ حادثہ کی اصل وجوہات کا ہنوز کوئی علم نہیں ہوسکا ہے ‘‘۔ مقامی عہدیداروں نے قبل ازیں کہا تھا کہ کم سے کم 40 افراد کی ہلاکت کا اندیشہ ہے ۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی ، وزیراعظم نریندر مودی ، کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور دیگر قائدین نے انسانی جانوں کے اتلاف پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ نریندر مودی نے کابینی سکریٹری اجیت سیٹھ سے بات چیت کی اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ۔ ریلویز نے مہلوکین کے ورثا خاندانوں کو فی کس ایک لاکھ روپئے اور شدید زخمیوں کو فی کس 50,000 روپئے بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیا ۔ معمولی زخمیوں کو فی کس 10,000 روپئے دیئے جائیں گے