لکھنؤ۔29 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) سماج وادی پارٹی (ایس پی) میں مسلسل نظرانداز کئے جارہے اتر پردیش کے سابق وزیر شیو پال سنگھ یادو نے چہارشنبہ کو یہاں اپنی الگ پارٹی ’سماجوادی سیکولر مورچہ‘ بنانے کا اعلان کیا ہے ۔شیوپال یادو نے یہاں بتایا کہ ’سماج وادی سیکولر مورچہ‘کی تشکیل کی گئی ہے ،یہ مورچہ اتر پردیش میں نیا سیاسی متبادل ہو گا۔ اس کے ذریعے چھوٹی پارٹیوں کو شامل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی میں نیتا جی کا احترام نہ ہونے کی وجہ سے جذباتی طور پرمجروح ہیں۔ انہیں سماج وادی پارٹی کی کسی بھی میٹنگ میں نہیں بلایا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی میں ملائم سنگھ کو بھی نظرانداز کیا جارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ نئے مورچہ میں سماج وادی پارٹی میں نظرانداز کئے گئے کارکنوں کو شامل کیاجائے گا۔ اب میں (شیو پال سنگھ یادو) عوام کے درمیان جا رہا ہوں۔ اس بارے میں نیتا جی کو مکمل جانکاری ہے ۔ انہوں نے کہا انہیں عاملہ کی میٹنگ میں بھی نہیں بلایا گیا۔’سماجوادی سیکولر مورچہ‘ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں جیتنے والی سیٹوں پر انتخاب لڑے گا۔ جلد ہی پارٹی کی لکھنومیں کانفرنس منعقد کی جائے گی۔قابل غور ہے کہ منگل کوسماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو اور سابق وزیر شیو پال سنگھ یادو کے درمیان کافی دیر تک گفت و شنید ہوئی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں کے درمیان سیکولر مورچہ کو لے کر اہم بات چیت ہوئی ۔ اس سے پہلے لوہیا ٹرسٹ کے اجلاس میں پیر کو ہی ملائم شیوپال نے ٹرسٹ کے کاموں کا جائزہ لیا اور آئندہ لوک سبھا انتخابات پر بحث کی تھی۔اس کے اگلے ہی دن دونوں ایک ساتھ دوبارہ بیٹھے ۔ اس دوران شیو پال حامی لیڈر کی جانب سے قائم سیکولرمورچہ کو لے کر حکمت عملی بنائی گئی۔