لکھنؤ، 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ملک کی گنجان آبادی والی ریاست اترپردیش میں آج سے عید کا جشن شروع ہوگیا ہے ۔ شیعہ مسلمان آج عید الفطر کا تہوار منا رہے ہیں جب کہ سنّی مسلک کے لوگ کل عید کی نماز ادا کریں گے ۔لکھنؤ میں بڑا امام باڑہ کے علاوہ دیگر مسجدوں میں شیعہ مسلک کے لوگوں نے آج صبح عید کی نماز ادا کی اور ایک دوسرے کو گلے لگاکر عید کی مبارکباد پیش کی۔ عید کے ساتھ ہی رمضان کے مقدس مہینہ میں جاری روزے کا اختتام ہوگیا۔شیعہ مذہبی رہنما کلب صادق نے کہا کہ عراق میں نجف سے آیت اللہ سیستانی کی طرف سے آج علی الصبح تقریباً تین بجے موصولہ فتوے کے بعد آج عید منانے کا فیصلہ کیاگیا۔شیعہ مسلک کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا سید عباس نے کہا کہ آیت اللہ سیستانی کی رہنما ہدایات کے مطابق شیعہ مسلک کے لوگ پورے ملک میں آج عید منا رہے ہیں۔قبل ازیں رویت ہلال کمیٹی نے کل رات اعلان کیاتھا کہ عید کا چاند نظر نہیں آیا ہے اس لئے عید جمعرات کو منائی جائے گی۔ شیعہ مذہبی رہنماؤں نے رات تقریباً دو بج کر 45 منٹ پر عراق سے ہونے والی بات چیت کے بعد علی الصبح تین بجے عید الفطر منانے کا اعلان کیا۔