سنت کبیر نگر(یوپی)۔27مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں شراب کے داموں میں اضافہ کے پیش نظر شراب کے شوقین ، ٹھیکوں پر قطار لگاکر شراب کا ذخیر ہ کررہے ہیں ۔ شراب کے خریداروں کی لمبی قطاریں سنت کبیر نگر ضلع ہیڈکوارٹر کے خلیل آباد میں دیسی شراب کے ٹھیکوں پر دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ریاستی حکومت کے ذریعہ نئی ایکسائز پالیسی کے تحت سال 19-2018کیلئے شراب کی دکانوں کا مینجمنٹ ای ۔لاٹری کے ذریعہ کیا گیا ہے جس سے بڑی تعداد میں نئے لوگوں کو شراب کے ٹھیکوں کا لائسنس جاری کیا گیا ہے ۔ نئی پالیسی کے تحت پرانے لائسنس ہولڈروں کو اس بار شراب کے ٹھیکے نہیں مل پائیں گے۔ 31 مارچ تک ہی پرانے دکاندار اپنی دکان میں شراب فروخت کرسکتے ہیں۔ اسی لئے وہ اپنا پرانا اسٹاک بیج کر اپنی دکانیں خالی کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ اور اسی وجہ وہ دکان میں رکھی شراب کو کم قیمت پر فروخت کررہے ہیں۔