اترپردیش اور بہار میں سیلاب کی صورتحال ہنوز سنگین

نئی دہلی 22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش اور بہار کے چند علاقوں میں سیلاب کی صورتحال ہنوز سنگین ہے۔ دریائے گھاگھرا اور راپتی میں سطح آب سیلابی ہے۔ وزیر آبی وسائل نے کہاکہ دریائے گھاگھرا بہارکے اضلاع درولی اور سیوان میں سیلابی صورتحال رکھتی ہے۔ آج 6 بجے صبح اِس کی سطح آب 61.42 میٹر تھی اور اِس میں 0.60 میٹر اضافہ کا رجحان دیکھا گیا۔ خطرہ کے نشان کے لئے سطح آب 60.82 میٹرس ہے۔ فی الحال گزشتہ اعلیٰ ترین سیلابی سطح 29 اگسٹ 1998 ء کو 61.74 ریکارڈ کی گئی تھی۔ بہارکے علاقہ گنگ پور میں دریا 57.85 میٹر کی سطح پر بہہ رہی ہے اور اِس میں خطرہ کے نشان کی سطح 57.04 میٹرس سے 0.81 میٹرس اضافہ کارجحان پایا جاتا ہے۔ 1983 ء میں اِس کی سطح 58.01 میٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔ بلرام پور (یوپی) میں دریائے راپتی اعلیٰ سیلابی صورتحال رکھتی ہے۔ آج صبح 6 بجے سطح آب 104.83 میٹر تھی اور خطرہ کے نشان 104.62 میٹر سے 0.21 میٹر اضافہ کا رجحان موجود تھا۔ یوپی میں سیلاب تاحال 89 انسانی جانیں لے چکا ہے۔