اترپردیش، بنگال ، آندھرا پردیش اور مہاراشٹرا کو باغبانی میں سبقت حاصل

نئی دہلی۔ 18ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) زرعی سکریٹری ایس کے پٹنائک نے ملک میں باغبانی فصلوں کی زبردست پیداوار پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ کسان زیادہ مالی فوائد والی باغبانی فصلوں کی پیداوار کرکے اپنی آمدنی میں اضافہ کررہے ہیں۔مسٹر پٹنائک نے قومی زرعی کانفرنس ربیع مہم کے دوران کہا کہ سبزیوں کی پیداوار میں اترپردیش اور مغربی بنگال سب سے آگے ہیں جبکہ پھلوں کی پیداوار میں آندھرا پردیش کے بعد مہاراشٹرادوسرے مقام پر ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ملک میں مختلف اسکیموں کے تحت کولڈ اسٹوریج تعمیر کئے جارہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ باجرہ کی کم از کم امدادی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے اور اس کے بہتر بیج بھی مہیا کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی راجدھانی سے ملحق ریاستوں میں فصلو ں کی باقیات جلانے سے ہونے والی آلودگی کے مسائل کے حل کے لئے 1300 کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے ۔مسٹر پٹنائک نے کہا کہ دہلی کے علاوہ پنجاب، ہریانہ ا ور اترپردیش میں کسان فصلوں کی باقیات جلاتے ہیں۔ ان ریاستوں میں کسان فصلوں کی باقیات مٹی میں ملانے کے لئے اوزاروں کی خریداری کرتے ہیں تو انہیں 80 فیصد تک سبسڈی کا فائدہ دیا جاسکتا ہے ۔