اتراکھنڈ :گنگا کیلئے ماہر ماحولیات نے پانی پینا بھی چھوڑ دیا

ہری دوار، 10 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) گنگا کو آلودگی سے پاک بنانے کے سلسلے میں گزشتہ 110 دنوں سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے سینئر سائنس داں پروفیسر جی ڈی اگرول نے اب پانی کا سہارا بھی چھوڑ دیا۔ پروفیسر اگرول کے مطابق وہ گنگا کی حفاظت کے لئے مرکز کی جانب سے سخت قوانین بنانے کے سلسلے میں وزیراعظم اور وزرائے اعلی کو کئی بات خط لکھ چکے ہیں لیکن کوئی یقین دہانی نہ ملنے پر انہیں کافی مایوسی ہوئی ہے اور اب انہوں نے اپنی جان کی قربانی کے فیصلہ کے ساتھ پانی کا سہارا بھی چھوڑ دیا ہے ۔ پروفیسر جی ڈی اگروال عرف گیان سوروپ سانند نے کہا کہ وزیراعظم کو کارپوریٹ گھرانوں کی تو فکر ہے لیکن وہ گنگا کی آلودگی کے سلسلے میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ وہ نہ تو گنگا کو بچانا چاہتے ہیں اور نہ ہی وہ دیووں کی سرزمین اتراکھنڈ کو بچانے کے لئے مستعد نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گنگا پر تعمیر ہونے والے بڑے باندھوں کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔ گنگا پر تعمیر ہونے والے ڈیم پروجیکٹ کو فوری طور پربند کیا جانا چاہیے ۔ مرکزی حکومت کو گنگا میں بڑھ رہی آلودگی اور غیر قانونی کانکنی روکنے کے لئے سخت قوانین بنانے چاہئیں۔