اتراکھنڈ میں صدر راج برقرار، ایوان میں خط اعتماد ملتوی

نئی دہلی ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اتراکھنڈ میں صدر راج برقرار رہے گا اور 29 اپریل کو مقرر ایوان میں خط اعتماد پر رائے دہی ملتوی کردی گئی ہے کیونکہ سپریم کورٹ نے آج اتراکھنڈ ہائیکورٹ کے فیصلہ پر اپنے حکم التوا میں توسیع کردی۔ مرکز کی اپیل کی سماعت کرنے کے بعد سپریم کورٹ نے حکم التوا میں توسیع کرتے ہوئے ریاست میں صدر راج برقرار رکھا۔ سات سخت سوالات کئے اور اٹارنی جنرل کو دیگر سوالات کے ساتھ انہیں شامل کردینے کی آزادی بھی دی جن کے جواب مرکزی حکومت سے طلب کئے گئے ہیں۔ جسٹس دیپک مشرا اور جسٹس شیوا کیرتی سنگھ نے مقدمہ کی آئندہ سماعت 3 مئی کو مقرر کردی۔ یہ اشارہ بھی دیا گیا کہ عدالت کا فیصلہ گرمائی تعطیلات کے اختتام سے پہلے جو آئندہ ماہ کے وسط تک جاری رہیں گی، سنا دیا جائے گا۔ بنچ نے واضح کردیا کہ اتراکھنڈ ہائیکورٹ کے فیصلہ پر حکم التواء کو فریقین کے ساتھ مشاورت کے تاحکم ثانی، توسیع دی گئی ہے۔ قبل ازیں اتراکھنڈ ہائیکورٹ نے برطرف چیف منسٹر ہریش راوت کی درخواست پر صدر راج برخاست کردینے اور 29 اپریل کو چیف منسٹر کو اپنی اکثریت ایوان اسمبلی میں ثابت کرنے کی ہدایت دی تھی۔ مرکزی حکومت نے اس فیصلہ کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی۔