اتراکھنڈ سانحہ کا ایک سال

متاثرین معاوضہ سے ہنوز محروم
لکھنو/ احمد آباد ۔ 16 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) جون 2013 ء میں اتراکھنڈ میں آئے زبردست سیلاب اور تباہی کے ہولناک واقعہ کو ایک سال کا عرصہ گزر گیا لیکن متاثرین کیلئے یہ ایک سال انتہائی کربناک ثابت رہے کیونکہ حکومت نے ان کیلئے جن معاوضوں کی ادائیگی کا وعدہ کیا، متاثرین ان معاوضوں کے ہنوز منتظر ہیں۔ اس موقع پر مہلوکین کے ارکان خاندان نے لکھنو اور احمدآباد میں اپنے مہلوک رشتہ داروں کی یاد میں موم بتی کی روشنیوں میں خصوصی دعائیہ اجتماع کا اہتمام کیا۔ دریں اثناء اتراکھنڈ ٹریجڈی وکٹمس جسٹس آرگنائزیشن کے ایک عہدیدار گیانیش مشرا نے کہا کہ حکومت اتراکھنڈ نے مہلوکین کے ارکان خاندان کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا تھا لیکن ایک سال کا عرصہ گزر گیا لیکن نہ تو مہلوکین کی موت کے سرٹیکٹس جاری کئے گئے اور نہ وعدہ کی گئی 5 لاکھ روپئے کی رقم بطور معاوضہ ادا کی گئی ۔ اتراکھنڈ میں گزشتہ سال آئے زبردست سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات میں ہزاروں افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ سینکڑوں افراد ہنوز لاپتہ ہیں۔