اتراکھنڈ :روڑکی میں فرقہ وارانہ فساد، 32 زخمی

ہریدوار ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 32 افراد بشمول ملازمین پولیس آج زخمی ہوگئے جبکہ ایک اسکراپ ڈیلر کو جو مبینہ طور پر ایک مقامی سیاستداں کا حامی تھا، کے جبری تخلیہ کے واقعہ نے فرقہ وارانہ رنگ اختیار کرلیا جس کی وجہ سے عہدیدار امتناعی احکام نافذ کرنے پر مجبور ہوگئے۔ دو فرقوں کے گروپس کو جو ایک دوسرے پر سنگباری اور روڑکی کے علاقہ نندھورا میں پولیس کی گاڑیوں کو نذرآتش کرنے میں مصروف تھے، منتشر کرنے کیلئے پولیس لاٹھی چارج کرنے اور کئی راونڈ ہوائی فائرنگ کرنے پر مجبور ہوگئی۔ دونوں گروپ کے 20 افراد اور 12 ملازمین پولیس جھڑپوں کے دوران زخمی ہوئے۔ اقلیتی طبقہ کی ایک دوکان کو نذرآتش کردیا گیا۔ اقلیتی طبقہ کے ارکان نے الزام عائد کیا کہ مقدس کتاب کے اوراق کی بیحرمتی کی گئی ہے۔