حیدرآباد۔ 26 جنوری (سیاست نیوز) ملک کو کئی ایک ممتاز مجاہدین آزادی کی عظیم قربانیوں کے باعث ہی آزادی حاصل ہوئی ہے اور اس آزادی کا تحفظ کرنا ہم تمام کی ذمہ داری ہے۔ آج یہاں بس بھون میں یوم جمہوریہ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے موقع پر قومی پرچم کشائی انجام دینے کے بعد اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے مسٹر ایم ستیہ نارائنا راؤ صدرنشین آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ہر کوئی اتحاد و اتفاق کے ساتھ مل جل کر رہتے ہوئے ملک کی سالمیت و ترقی میں مددگار ثابت ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اے پی ایس آر ٹی سی اپنے بہتر ڈسپلن اور خدمت کے حقیقی جذبہ کے ساتھ خدمات انجام دینے کی زبردست ستائش کی اور مشورہ دیا کہ اگر کوئی مسائل وغیرہ درپیش ہوں تو ان مسائل کی آپسی بات چیت کے ذریعہ یکسوئی کیلئے اولین ترجیح دی جائے۔
مسٹر ستیہ نارائنا نے ملازمین آر ٹی سی پر زور دیا کہ وہ ہڑتال وغیرہ سے احتراز کریں کیونکہ کارپوریشن آپ تمام ملازمین کا ہے۔ اگر ہڑتال نہ کریں تو کارپوریشن کو فائدہ ہوگا اور ہڑتال کرنے کی صورت میں کارپوریشن نقصانات سے دوچار ہوگا تب ملازمین کے لئے بھی مشکلات و مسائل پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن کو نقصانات سے بچانے کی بھی مکمل ذمہ داری ہم تمام پر عائد ہوتی ہے۔ قبل ازیں مسٹر ایم ستیہ نارائنا صدرنشین اور جے پورنا چندر راؤ نائب صدرنشین و مینیجنگ ڈائریکٹر اے پی ایس آر ٹی سی نے گارڈ آف آنر کی سلامی لی۔ اس موقع پر مسرس ابراہیم لنکن آئی پی ایس ڈائریکٹر ویجیلنس اینڈ سکیورٹی، ایم رویندر، اے وی راؤ ، ایم وی رمنا راؤ، بھونیشور پرساد ایگزیکٹیو ڈائریکٹرس آر ٹی سی، ٹی وینکٹ راؤ جوائنٹ ڈائریکٹر ویجیلنس اینڈ سکیورٹی و دیگر اعلیٰ عہدیداران اے پی ایس آر ٹی سی بھی موجود تھے۔