اتحاد ایرویز پر سے برقی آلات کی امریکی پابندی ختم

واشنگٹن ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی حکام نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی "اتحاد” کی امریکہ آنے والی پروازوں میں مسافروں کو اپنے ساتھ لیپ ٹاپ لانے کی پھر سے اجازت دے دی گئی ہے۔اتحاد وہ پہلی فضائی کمپنی ہے جو اس پابندی کے اٹھائے جانے سے مستفید ہو گی۔ امریکی حکام نے مذکورہ پابندی 21 مارچ کو آٹھ عرب ممالک اور ترکی کے 10 ہوائی اڈوں سے آنے والی پروازوں پر عائد کی تھی۔پابندی میں شامل اشیاء میں لیپ ٹاپ ، ٹیبلیٹ اور موبائل فون سے بڑا حجم رکھنے والے تمام برقی آلات شامل ہیں۔ امریکی حکام نے پابندی کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان اشیاء کو دھماکا خیز آلات کے طور پر استعمال کیے جانے کا اندیشہ ہے۔امریکا کی داخلہ سکیورٹی کے محکمے کے ترجمان ڈیوڈ لیبین کے اعلان کے مطابق ابوظبی کے ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے والی اتحاد کی تمام پروازیں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ اس لیے کہ ابوظبی کے ہوائی اڈے کے حکام نے اْن تمام سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنا لیا ہے جن کا مطالبہ واشنگٹن نے 28 جون کو کیا تھا۔