اتحادیوں کی بمباری، داعش کا سائبر یونٹ کا ہیڈکواٹرز تباہ

واشنگٹن ۔ 2 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام)امریکہ کی قیادت میں اتحادی ممالک کے طیاروں نے گزشتہ چار روز کے دوران دولت اسلامی عراق وشام (داعش) کی ایک برقی جنگی چھاؤنی سمیت پچاس سے زیادہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔امریکہ کی مرکزی کمان نے دوشنبہ کو جاری کردہ ایک بیان میں بتایا ہے کہ 28 نومبر اور یکم دسمبر کے درمیان اتحادی طیاروں اور بغیر پائیلٹ جاسوس طیاروں نے عراق اور شام میں داعش کے ٹھکانوں اور ان کی گاڑیوں پر کل 55 فضائی حملے کئے ہیں اور شام کے ترکی کی سرحد کے نزدیک واقع شہر کوبانی اور شمالی شہر الرقہ میں داعش کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا ہے۔الرقہ میں اتحادی طیاروں نے ایک ٹینک ، 14 گاڑیوں ،جہادیوں کے ایک بیس ، ایک برقی چھاؤنی اور جام کرنے والے ایک سسٹم پر بمباری کی ہے۔ کوبانی میں داعش کے ٹھکانوں پر 17 فضائی حملے کئے گئے ہیں۔ان میں داعش کے سات یونٹوں، دو عمارتوں ،

تین ٹینکوں اور چار گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔امریکی اتحادیوں نے شام کے دوسرے بڑے شہر حلب کے نزدیک القاعدہ سے وابستہ خراسان گروپ پر بھی ایک فضائی حملہ کیا ہے لیکن اس میں جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔عراق کے تین شمالی شہروں موصل ،تل عفر، تکریت اور مغربی شہر رمادی میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے گزشتہ چار روز میں اٹھائیس فضائی حملے کئے ہیں اور ان میں داعش کی گاڑیوں ، توپ خانے ،فوجی اڈوں اور ٹھکانوں پر بمباری ہے۔واضح رہے کہ شام میں امریکہ کی قیادت میں بحرین ،اردن ،سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے لڑاکا طیارے داعش کے خلاف فضائی مہم میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ عراق میں امریکہ کی قیادت میں اتحاد میں مغربی ممالک بلجیم، برطانیہ، کینیڈا، ڈنمارک، فرانس اور نیدرلینڈز شامل ہیں اور کوئی عرب ملک عراق میں داعش مخالف مہم میں شریک نہیں ہے۔