مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان میں جیت کے بعد کانگریس نے کسانوں کے مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اسی کے تحت پارٹی لوک سبھا انتخابات 2019 سے پہلے اترپردیش میں بوتھ سطح کی میٹنگ اور کسان یاترا منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
نیوز 18 سے بات کرتے ہوئے یوپی کانگریس کے ترجمان انشو اوستھی نے کہا، ’’ ہم نے ابھی کچھ دن پہلے ’کھیت مزدور کسان کانگریس‘ پروگرام مکمل کیا ہے۔ اس میں مودی حکومت کی کسانوں کی وعدہ خلافی کی وجہ سے مہاراشٹر بی جے پی سے استعفی دینے والے نانا پٹولے جی نے حصہ لیا۔ انہیں کسان کانگریس کا چیئر مین بنایا گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا، ’’ اب جنوری 2019 میں کسان کانگریس کی قیادت میں اترپردیش میں پارٹی مہم شروع کرےگی۔ اس میں کسان کانگریس کے ساتھ سبھی کانگریس کے کارکنان کام کریں گے۔ ان ریلیوں میں کانگریس صدر راہل گاندھی بھی شامل ہوں گے‘۔