اب چھ ماہ کے بچوں کو بھی جوڑاجائیگا آدھارسے

نئی دہلی ۔یکم ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام )اب حکومت چھ ماہ کے بچوں کو بھی آدھار سے جوڑنے جارہی ہے ۔یہ اطلاع خواتین واطفال کی ترقی کی مرکزی وزارت کے سکریٹری راکیش شریواستو نے آجا صحافیوں کو دی ۔قومی غذائیت مشن کی تشکیل کے اعلان کی اطلاع دینے کے لئے منعقد کی گئی پریس کانفرنس میں مسٹر شریواستونے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ غذائیت کی کمی دور کرنے کی غرض سے چھ ماہ کے بچے کی شناخت کے لئے اسے آدھار کارڈ سے جوڑا جائیگا۔لیکن اس کے ساتھ ہی انھوں نے یہ واضح کیا کہ اگرکسی کے پاس آدھار کارڈ نہیں ہے تو اسے سرکاری اسکیموں کا فائدہ اٹھانے سے محروم نہیں کیا جائے گا۔یہ پوچھے جانے پر کہ آدھار کارڈ بچے کا بنے گا یا ماں کا ،انھوں نے کہا کہ”پانچ سال تک کے بچے کا بایومیٹرک نہیں بنتا لیکن اسے ایک نمبردیا جاتا ہے اور اسکی جگہ ماں کا بایومیٹرک لیا جاتا ہے ۔چھ ماہ کے بچے کا بھی بایومیٹرک نہیں لیا جائیگا لیکن اسے آدھار نمبردیا جائے گا۔دریں اثنا خواتین واطفال کی ترقی کی وزیر مینکا گاندھی نے کہا کہ یتیم خانوں میں رہنے والے اور دوسرے بے سہارا بچوں کے لئے بھی کوئی شناختی کارڈ بنانے کے لئے نیتی آیوگ کے ساتھ ملکرغوروخوض کیا جارہاہے تاکہ پانچ سال سے کم عمر کے ایسے بچوں کا بھی شناختی کارڈ بن سکے ۔